دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کے انتخاب میں صدر عہدہ پر این ایس یو آئی کا قبضہ، جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر بھی ملی جیت

طلبا یونین انتخاب کا نتیجہ آج برآمد ہو گیا، این ایس یو آئی امیدوار نے جہاں صدر اور جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر جیت حاصل کی، وہیں اے بی وی پی امیدواروں کو نائب صدر اور سکریٹری عہدہ پر کامیابی ملی۔

<div class="paragraphs"><p>این ایس یو آئی کے کامیاب امیدوار، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/NayakRagini">@NayakRagini</a></p></div>

این ایس یو آئی کے کامیاب امیدوار، تصویر@NayakRagini

user

قومی آواز بیورو

دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کا انتخابی نتیجہ 25 نومبر کی شام جاری کیا گیا جس میں این ایس یو آئی امیدوار رونق کھتری نے صدر عہدہ پر جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ گزشتہ 7 سالوں سے اس عہدہ پر اے بی وی پی کا قبضہ تھا، لیکن اس مرتبہ رونق کھتری نے 20207 ووٹ حاصل کر اے بی وی پی امیدوار کو 1343 ووٹوں سے ہرا دیا۔

این ایس یو آئی کو جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر بھی کامیابی ملی ہے۔ این ایس یو آئی امیدوار لوکیش چودھری نے جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر 21975 ووٹ حاصل کیے، جبکہ اے بی وی پی امیدوار نے محض 15249 ووٹ حاصل کیے۔ یعنی شکست و فتح کے درمیان کا فاصلہ 6726 رہا۔ صدر اور جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر کامیابی کے بعد این ایس یو آئی میں جشن کا ماحول ہے۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈران کی جانب سے بھی انھیں مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ کانگریس کی سینئر لیڈر راگنی نایک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’وہ کہتے ہیں نہ، محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔ 7 سال بعد ڈوسو صدر عہدہ پر این ایس یو آئی نے شاندار جیت درج کی۔ جوائنٹ سکریٹری عہدہ بھی ہمارا ہوا۔ رونق اور لوکیش کو نیک خواہشات۔‘‘


جہاں تک اے بی وی پی کی کارکردگی کا سوال ہے، اس کے امیدواروں نے نائب صدر اور سکریٹری عہدہ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اے بی وی پی کی طرف سے نائب صدر عہدہ کے امیدوار بھانو پرتاپ نے 24166 ووٹ حاصل کیے، جبکہ این ایس یو آئی امیدوار کو 15404 ووٹ ملے۔ علاوہ ازیں سکریٹری عہدہ کے لیے کھڑی اے بی وی پی امیدوار مرتر ورندا نے 16703 ووٹ حاص کیے، جبکہ این ایس یو آئی امیدوار کو 15236 ووٹ ملے۔