این آر سی-این پی آر بنگال میں نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا: ممتا بنرجی
متوا سماج کی بڑی آبادی والے علاقہ رانا گھاٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ متوا سماج ہندوستانی شہری ہیں اور انہیں حق رائے دہی کا پورا حق ہے۔
کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر بنگلہ دیش سے آئی رفیوجی کمیونیٹی متوا سماج کو ہندوستانی شہری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متوا ہندوستانی شہری پہلے سے ہی ہیں اس لئے انہیں شہریت ترمیمی ایکٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بنگال میں این آر سی اور این پی آر کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
لوک سبھا انتخابات میں متوا سماج کے منھ موڑلینے کی وجہ سے کئی سیٹوں پر نقصان کا سامنا کرنے والی ترنمول کانگریس ایک بار پھر متواسماج کو لبھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ 100 کے قریب اسمبلی حلقے میں متوا سماج کا اثر ہے۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی آج رانا گھاٹ جہاں متوا سماج کی بڑی آبادی ہے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متوا سماج ہندوستانی شہری ہیں اور انہیں حق رائے دہی کا پورا حق ہے۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں مرجائوں گی لیکن بنگال کو فروخت نہیں ہونے دیا جائے گا۔ لیکن بنگال کو تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگال کی ہڈی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بنگال کے کلچر اور ثقافت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر جب تک میری سانس ہے بنگالی کلچر کو نقصان پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ نئے زرعی بل ایکٹ کے نام پر کسانوں کے حقوق کو چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کسانوں کی فصلیں بڑی کمپنیوں کے ہاتھ میں دی جا رہی ہیں۔ ہم اس بل کو کسی بھی قیمت پر نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ جانتے ہیں کہ میں کبھی بھی سر نہیں جھکاؤں گی اور نہ کبھی بی جے پی کے آگے سر تسلیم خم کروں گی، اس لئے مجھے پسند نہیں کرتے۔ پہلے کورونا وائرس کے نام پر پورے ملک کو بندی بنایا گیا اب پورے ملک کو جیل میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔