اب ’ٹورزم سٹی‘ کے طرز پر ’ٹورزم ولیج‘ تیار کرنے کا منصوبہ، مرکزی حکومت کے نئے حکم سے گاؤں بنے گا خوشحال

محکمہ سیاحت کی ڈپٹی ڈائریکٹر شکھا سکسینہ نے نے بتایا کہ مقابلہ میں شامل ہونے کو لے کر وزارت سیاحت نے ایک پورٹل جاری کیا ہے، یہاں سبھی (گاؤں والوں) کو سہولت ہوگی کہ وہ اپنی درخواست دے سکیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

کسی کو سیر و سیاحت کے لیے نکلنا ہوتا ہے، یا پھر چھٹی گزارنے کے لیے جگہ کا انتخاب کرنا ہوتا ہے تو وہ ایسے شہروں کی طرف رخ کرتے ہیں جہاں بنیادی اور جدید سہولیات میسر ہوں۔ لیکن کیا آپ کومعلوم ہے کہ ہندوستان میں کئی ایسے گاؤں موجود ہیں جو سیر و سیاحت کے لحاظ سے شہروں سے کہیں زیادہ پرکشش، تاریخی اور ذہنی سکون پہنچانے والے ہیں۔ لیکن وہاں تک سیاح پہنچ نہیں پاتے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ایک اہم پیش قدمی کی ہے۔

دراصل مرکزی حکومت نے ایک حکم جاری کیا ہے اور بتایا ہے کہ ملک بھر کے سبھی گاؤں میں ضلع سطح سے لے کر قومی سطح تک مقابلہ ہوگا۔ اس میں منتخب گاؤں کو ’بیسٹ ٹورسٹ ولیج‘ کا خطاب ملے گا۔ اس مقابلے سے گاؤں کو کئی طرح کے فائدے ملیں گے اور منتخب گاؤں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں کامیابی ملے گی۔


محکمہ سیاحت کی ڈپٹی ڈائریکٹر شکھا سکسینہ نے اس مقابلہ کے بارے میں بتایا کہ اس میں شامل ہونے کو لے کر وزارت سیاحت نے ایک پورٹل جاری کیا ہے۔ یہاں سبھی گاؤں کو سہولت ہوگی کہ وہ اپنی درخواست دے سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے کچھ شرائط ہیں۔ مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے ضلع سطح پر 15 اپریل تک www.rural. tourism.gov.in پر آن لائن درخواست کی جا سکتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ گاؤں کی طرف سے اس گاؤں کا کوئی بھی باشندہ درخواست کر سکتا ہے۔

مرکز کے ذریعہ جاری حکم کے مطابق درخواست کرنے کے لیے ویلویشن کو بھی بنیاد بنایا جائے گا۔ اس میں ثقافتی اور قدرتی وسائل، ثقافتی وسائل کا فروغ اور تحفظ، معاشی و سماجی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی استحکام، سیاحتی ترقی، حکومت و سیاحت کی ترجیحات، انفراسٹرکچر و کنکٹیویٹی، طبی سیکورٹی اور دفاع کے طریقوں کو بنیاد میں رکھا جائے گا۔ اس مقابلہ میں پہلے ضلع سطح پر گاؤں کا انتخاب ہوگا، اس کے بعد ریاستی اور پھر قومی سطح پر تین بہترین گاؤں کا انتخاب ہوگا۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ جن گاؤں کا انتخاب ’ٹورزم ولیج‘ کی شکل میں ہوگا، وہ گاؤں ملک بھر میں سرخیاں بنیں گے جس سے سیاح اس گاؤں کو دیکھنے پہنچیں گے۔ اس سے گاؤں میں روزگار بڑھے گا، سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی ہوگی اور گاؤں مین اسٹریم سے جڑے گا۔ گاؤں میں سڑک، بجلی اور پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔