اب الطاف کے والد کا نیا بیان ’میں ہوں ان پڑھ، سمجھوتہ پولیس نے لکھوایا‘

اس معاملے میں ایک اور سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ الطاف پر جس لڑکی کو لالچ دے کر لے جانے کا الزام ہے، وہ اکثریتی برادری سے تعلق رکھتی ہے۔

متوفی الطاف کے کنبہ کی غمزدہ خواتین / تصویر آس محمد کیف
متوفی الطاف کے کنبہ کی غمزدہ خواتین / تصویر آس محمد کیف
user

آس محمد کیف

کاس گنج: کاس گنج کی صدر کوتوالی میں بیت الخلا کی 2 فٹ کی ٹنکی سے ساڑھے پانچ فٹ کے 21 سال کے نوجوان الطاف کی پھانسی لگاکر خود کشی کرنے کی بات پہلے کسی کے گلے نہیں اتر رہی تھی۔ اب الطاف کے والد کا خودکشی کے اعتراف والا خط سوالات کے دائرے میں آ گیا ہے۔ الطاف کے والد کا اب کہنا ہے کہ وہ بیٹے کی موت کے بعد تناؤ میں ہیں اور اس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ وہ ایک ناخواندہ انسان ہے اور اس سے ایک کاغذ پر انگوٹھا لگوا لیا گیا تھا، وہ خوف کے سایہ میں زندگی گزار رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے بیٹے کو انصاف ملے۔

متاثرہ کنبہ کے ساتھ عبد الحفیظ گاندھی / تصویر آس محمد کیف
متاثرہ کنبہ کے ساتھ عبد الحفیظ گاندھی / تصویر آس محمد کیف

الطاف کے والد چاہت میاں نے یہ بات آج کانگریس وفد کے سامنے بھی کہی ہے۔ آج یہ وفد الطاف کے گھر پہنچا ہے۔ اس وفد میں اوم ویر یادو، توقیر عمر اور ضیاء الرحمن شامل ہیں۔ ضیاء الرحمن نے نمائندہ کو بتایا کہ الطاف کی موت کے بعد کنبہ اب تک صدمہ میں ہے اور خوفزدہ ہے۔ پورا کنبہ ناخواندہ اور غریب ہے۔ الطاف کے والد چاند میاں کو لکھنا پڑھنا بالکل بھی نہیں آتا۔ پولیس نے معاوضہ کی بات کہہ کر اسے سمجھا لیا تھا مگر اسے تاحال کوئی معاوضہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ الطاف کے والد چاند میاں کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی کاغذ پر موجود ہے وہ پولیس نے لکھا ہے اور اس سے تو صرف انگوٹھا لگوایا گیا ہے۔


اس معاملے میں ایک اور سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ الطاف پر جس لڑکی کو لالچ دے کر لے جانے کا الزام ہے، وہ اکثریتی برادری سے تعلق رکھتی ہے۔ پہلے کہا جا رہا تھا کہ الطاف لڑکی کے گھر ٹائلیں لگانے گیا تھا۔ اسی بنیاد پر لڑکی کے گھر سے الطف کے چلے جانے کے بعد اس کے گھر والوں کو شک ہوا کہ ان کی لڑکی اس کے ساتھ گئی ہے اور اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ انسپکٹر کاس گنج اجے سروہی کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق کوتوالی میں الطاف اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 363، 366 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے الطاف کی پھوپھی نے بتایا کہ الطاف کا لڑکی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ وہ یہاں گھر پر ہی موجود تھا اور یہاں سے کہیں نہیں گیا تھا۔ یہ الزام سراسر غلط ہے اور اسی کی وجہ سے اس کی جان چلی گئی۔ پولیس ابھی تک لڑکی کا سراغ نہیں لگا سکی ہے۔ دریں اثنا، خاندان کے ایک فرد آزاد حکیم نے الزام لگایا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ الطاف کی پٹائی تعصب کی بنا پر کی گئی ہے۔

سماجوادی پارٹی کے ترجمان عبدالحفیظ گاندھی بھی اہل خانہ سے ملے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی کہانی میں جھول ہی جھول ہیں۔ ایک طرف جہاں الطاف کی خودکشی کی بات منطقی نظر نہیں آتی، وہیں ان کے والد کی طرف سے پولیس کو دی گئی کلین چٹ بھی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ مثلاً الطاف کے والد ناخواندہ ہیں اور خودکشی کے اعتراف کے حوالہ سے سامنے آنے والے خط کی زبان کسی ماہر کی معلوم ہوتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس خط کی تحریر کسی وکیل یا پولیس اہلکار نے تیار کی ہو۔ پھر انگوٹھا لگوایا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ چاند میاں کو ملنے والے معاوضے کے بارے میں ابھی تک صورت حال واضح نہیں ہے۔ عام طور پر معاوضہ چیک کے ذریعے وصول کیا جاتا ہے اور وہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ یہ معاملہ بہت سنگین ہے، اس میں کمزوروں اور غریبوں کو انصاف ملنے کی امید کو کچل دیا گیا ہے۔


کاس گنج کی سابق رکن اسمبلی زینت خان نے بھی پولیس کی نیت پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اہل خانہ سے ملاقات کر کے آ رہی ہیں اور یہ واضح ہے کہ پولیس کا خاندان پر بہت دباؤ ہے اور وہ خوفزدہ ہیں۔ خاندان کی خواتین میں کافی غم و غصہ ہے اور وہ انصاف کی امید کھو چکی ہیں۔ لیکن ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چاند میاں کے گھر پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنما پہنچ رہے ہیں۔

متوفی الطاف کے ماموں آزاد حکیم نے نمائندہ کو بتایا کہ وہ پولیس کی کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں۔ الطاف پر تشدد کیا گیا۔ یہ بات ان کی بہن اور الطاف کی والدہ نے بتائی ہے۔ الطاف کی پھوپھی مومنہ نے اپنے سر کی چوٹ بتائی۔ پولیس نے الطاف کو کسی سے ملنے نہیں دیا۔ میرے بہنوئی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا حوالہ دے کر خاموش کر دیا گیا۔ لڑکی کا بھائی مسلسل گھر آنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ پورا خاندان صدمے میں ہے۔ ہماری پولیس سے انصاف کی امید دم توڑ چکی ہے۔ ہم اس پورے معاملے کی سی بی آئی انکوائری چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔