رام دیو کی کمپنی کے سرسوں کے تیل میں ملاوٹ! راجستھان میں ہوئی کارروائی
پتنجلی کے سرسوں کے تیل کا پاؤچ اور سرسوں کے تیل کی بوتل کے علاوہ سری سری تتوا برانڈ میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ پارلیمنٹ برانڈ کا تیل بھی معیاری نہیں پایا گیا۔
الور: الور ڈسٹرکٹ کلکٹر کی ہدایت پر راجستھان کے خیرتھل میں بابا رام دیو کی پتنجلی کے لئے سرسوں کا تیل تیار کرنے والی سنگھانیا آئل مل سے لئے گئے تیل کے تمام نمونے معیاری نہیں پائے گئے۔ چیف میڈیکل آفیسر اور انتظامیہ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی فوڈ سیفٹی آفیسرز کی ٹیم نے 27 مئی کو سنگھانیا مل خیرتھل سے پتنجلی برانڈ کے سرسوں کے تیل کے پاؤچ اور بوتل کے پانچ نمونے حاصل کٰے تھے۔ ان تمام نمونوں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرز لیبارٹری الور میں جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا جہاں کی رپورٹ کے مطابق پانچوں نمونے غیر معیاری ہیں اور کھانے کے لئے مناسب نہیں۔
پتنجلی کے سرسوں کے تیل کا پاؤچ اور سرسوں کے تیل کی بوتل کے علاوہ سری سری تتوا برانڈ میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ پارلیمنٹ برانڈ کا تیل بھی معیاری نہیں پایا گیا۔ ایس ڈی ایم یوگی ڈاگر نے بتایا کہ خیرتھل میں پتنجلی تیل پیکیجنگ مل پر تیل میں ملاوٹ سمیت دیگر طرح کی گڑبڑیوں کی شکایت پر نمونے لئے گئے تھے۔ کلکٹر کی ہدایت پر یہ کارروائی انجام دی گئی ہے۔ سی ایم ایچ او ڈاکٹر اوم پرکاش مینا نے بتایا کہ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ معاملہ عدالت میں جائے گا اور متعلقہ پارٹی اپیل کر سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔