لوک سبھا انتخابات 2019: یو پی میں تیسرے مرحلے کے لئے نامزدگی 28 مارچ سے شروع
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ تیسرے مرحلے کے تحت نامزدگی کا عمل 4 اپریل تک جاری رہے گا اور اس کے اگلے دن کاغذات کی جانچ ہوگی جبکہ امیدوار 8 اپریل کو اپنے نام واپس لے سکیں گے۔
لکھنؤ: اترپردیش میں پہلے و دوسرے مرحلے کے تحت ہونے والے انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی کا مرحلہ ہنوز جاری ہے نیز الیکشن کمیشن تیسرے مرحلے کے تحت روہیل کھنڈ علاقے کی 10 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے 28 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ تیسرے مرحلے کے تحت نامزدگی کا عمل 4 اپریل تک جاری رہے گا اور اس کے اگلے دن کاغذات کی جانچ ہوگی جبکہ امیدوار 08 اپریل کو اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ تیسرے مرحلے کے تحت اترپردیش کی جن دس سیٹوں پر انتخابات ہوں گے ان میں مجموعی ووٹروں کی تعداد 17650397 ہے جن میں سے 9556471 مرد رائے دہندگان ہیں جبکہ 8092943 خاتون ووٹرس ہیں جو حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ وہیں اس کے لئے 20116 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
تیسرے مرحلے کے تحت اتر پردیش کے جن پارلیمانی حلقوں پر انتخابات ہوں گے ان میں مرادآباد، رامپور، سنبھل، فیروزآباد، مین پوری، ایٹہ، بدایوں، انوالہ، بریلی اور پیلی بھیت شامل ہیں۔ تیسرے مرحلے میں مرکزی وزیر سنتوش کمار گنگوار (بریلی)، سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ (مین پوری)، بالی ووڈ کی اداکارہ سے رہنما بنی جیا پردا (رامپور) کی انتخابی قسمت کا فیصلہ عوام کریں گے۔ پیلی بھیت سے مرکزی وزیر مینکا گاندھی موجودہ رکن پارلیمان ہیں لیکن بی جے پی نے اس بار ان کے بیٹے ورون گاندھی کو یہاں سے امیدوار مقرر کیا ہے، جبکہ ان کو ان کے بیٹے کے پارلیمانی حلقے سلطان پور بھیج دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Mar 2019, 8:10 PM