دریائے کرشنا میں طغیانی، چندرا بابو کو مکان خالی کرنے کا نوٹس جاری
امراوتی میں دریائے کرشنا کے کنارے پر واقع سرکاری مکان کوخالی کرنے کے لئے تاڑے پلی گاؤں کے تحصیل دار وی سرینواسلو نے نوٹس جاری کیا ہے۔
حیدرآباد: آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی این چندرا بابونائیڈو کو ان کے امراوتی میں دریائے کرشنا کے کنارے پر واقع سرکاری مکان کوخالی کرنے کے لئے تاڑے پلی گاؤں کے تحصیل دار وی سرینواسلو نے نوٹس جاری کیا ہے۔
وی سرینواسلو نے نائیڈو کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دریا کے قریب واقع اپنے اس بنگلہ کو فوری طور پر خالی کردیں کیونکہ سیلاب کا پانی ان کے مکان میں داخل ہونے کا خطرہ ہے۔ تحصیل دار نے کہا کہ تقریباً ایک لاکھ کیوزک پانی دریائے کرشنا کے بالائی ڈیمس سے چھوڑا جائے گا جس سے وجے واڑہ کے پرکاشم بیریج میں سیلاب کی صورتحال رہے گی اور اس سے آپ کے مکان میں پانی کے داخل ہونے کا خطرہ ہے۔
نائیڈو کے سیکوریٹی عہدیداروں نے یہ نوٹس حاصل کیا اور ان کو اس تعلق سے اطلاع دے دی گئی کیونکہ وہ گزشتہ ہفتہ سے حیدرآباد میں واقع اپنے مکان میں ہیں۔ تلگودیشم کے لیڈروں کا الزام ہے کہ اس بنگلہ کو فوری خالی کرنے کے لئے اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی مسلسل ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔ عہدیداروں نے الزام لگایا کہ اس بنگلہ کا ایک حصہ دریا کے کنارے کی اراضی پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔
دریائے کرشنا میں پانی کے مسلسل بہاؤ کے بعد پرکاشم بیریج میں پانی کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔یہ پانی نائیڈو کے مکان کے پچھلے حصہ کی سیڑھیوں تک جاپہنچا ہے۔ ان کے سیکوریٹی گارڈس نے ریت کے تھیلے اور پتھر وہاں رکھے ہیں تاکہ پانی کو مزید آگے بڑھنے سے روکا جاسکے۔
تلگودیشم کے لیڈر ورلا رامیا نے کہا کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ نائیڈو یہ مکان خالی کردیں۔ جب تلگودیشم کے لیڈران نے سوال کیا کہ چندرابابو ہی کو کیوں اس خصوص میں نوٹس دیا گیا ہے تو تحصیل دار سرینواسلو نے کہا کہ دیگر عمارتوں اور گیسٹ ہاؤسوں کو بھی نوٹس دیا گیا ہے جو دریا کے کنارے بنائے گئے ہیں۔
ساحلی آندھراپردیش میں بارش کاامکان
ادھر، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا پردیش۔یانم اور رائل سیما میں بعض مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں یہ بات بتائی۔ جنوب مغرب مانسون رائل سیما میں سرگرم، ساحلی آندھراپردیش میں معمول کے مطابق اور تلنگانہ میں کمزور ہے۔ رائل سیما کے کرنول ضلع میں بعض مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش ہوئی جبکہ ساحلی آندھراپردیش کے وجیانگرم ضلع میں بعض مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تلنگانہ میں بھی بعض مقامات پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔