بہار ہی نہیں یو پی میں بھی کورونا ٹیکہ کاری میں بے ضابطگی، مردہ خاتون کو ملی ویکسین کی دوسری خوراک
67 سالہ خاتون کو پہلی خوراک اپریل 2021 میں ملی تھی اور تقریباً ایک ہفتے بعد اس کی موت ہو گئی، ان کے بیٹے کو 9 دسمبر کو موبائل فون پر میسج آیا کہ ان کی ماں کو کورونا کی دوسری خوراک دے دی گئی۔
حال ہی میں بہار کے کچھ مقامات پر کورونا ٹیکہ کاری کے ڈاٹا میں وزیر اعظم مودی اور راہل گاندھی سمیت کئی مشہور ہستیوں کو ٹیکہ دینے کا انکشاف ہونے کے بعد اب اتر پردیش میں بھی ایسی ہی بدنظمی سامنے آئی ہے۔ یہاں کے جھانسی میں ٹیکے کی پہلی خوراک لینے کے بعد ہی مر چکی خاتون کو دوسری خوراک دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
دراصل جھانسی میں ایک ضعیف خاتون کی کورونا ٹیکہ کاری کی پہلی خوراک لینے کے ایک ہفتہ بعد موت ہو گئی تھی۔ اب ان کے بیٹے کے موبائل فون پر میسج آیا ہے کہ انھیں ویکسین کی دوسری خوراک مل گئی ہے۔ پیر کو یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع ٹیکہ کاری افسر (ڈی آئی او) نے معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔
خبروں کے مطابق مہلوکہ 67 سالہ خاتون کو پہلی خوراک اپریل 2021 میں ملی تھی اور تقریباً ایک ہفتے بعد اس کی موت ہو گئی تھی۔ ان کے بیٹے کو 9 دسمبر کو ان کے موبائل فون پر ایک میسج ملا جس کے ذریعہ سے ان کی ماں کو کورونا ٹیکہ کاری کے لیے رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔ میسج میں بتایا گیا کہ خاتون کو دوسری بار ٹیکہ لگایا گیا ہے۔
یہ واقعہ راج گھاٹ شہری پی ایچ سی میں پیش آیا جہاں عیسائی ٹولہ کالونی کی رہنے والی خاتون کو ویکسین کی پہلی خوراک ملی تھی۔ ڈی آئی او روی شنکر نے کہا کہ انھوں نے پی ایچ سی سربراہ ڈاکٹر ترپتی پراشر اور اے این ایم گیان دیوی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے جو اس وقت ڈیوٹی پر تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین ایشو ہے اور ہم یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ آپریٹر کی غلطی تھی یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا تھا۔ اس کا جواب ملنے کے بعد ہم آگے کی کارروائی کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔