پارلیمنٹ میں نیرو مودی، انتخابی نتائج اور کارتی چدمبرم جیسے مدے چھائے رہیں گے
یہ اجلاس موجودہ حکومت کا آخری بجٹ اجلاس ہے اس لئے اس کے ہنگامہ خیز ہونے کے امکان ہیں اور بہت ممکن ہے کہ اس اجلاس میں کوئی کام نہ ہو۔
بجٹ اجلاس کا دوسرا حصہ آج سے شروع ہونے جا رہا ہے اور اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے پورے امکان ہیں کیونکہ جہاں حکمراں جماعت بی جے پی شما ل مشرق میں اپنی انتخابی کامیابی کی وجہ سے جوش سے لبریز ہوگی وہیں حزب اختلاف کے پاس پہلی مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نیرو مودی کی شکل میں ایک بڑا ہتھیار ہوگا۔
واضح رہے مودی حکومت کے دور اقتدار میں یہ سب سے بڑا بدعنوانی کا معاملہ ہے او ر یہ جب ہوا ہے جب وزیر اعظم کہتے رہے ہیں کہ نا کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا۔ واضح رہے بینک گھوٹالہ پر حزب اختلاف نے بحث کے لئے پہلے ہی تحریری مطالبہ کر دیا ہے۔
توقع کے مطابق بی جے پی اس بات پر زور دےگی کہ جو بھی نیرو مودی کا معاملہ ہے وہ پہلے سے چلتے آ رہے نظام کی وجہ سے ہواہے اور حکومت کسی کو بخشے گی نہیں، لیکن حزب اختلاف اس معاملہ میں زیادہ ہتھیاروں سے لیس نظر آرہی ہے کیونکہ جن تاریخوں میں بینک کی گڑبڑیاں سامنے آئی ہیں ان میں وہ تاریخیں ہیں جب ملک کی قیادت اور چوکیداری کی باگ ڈور نریندر مودی کے ہاتھوں میں تھی۔ بی جے پی ہنگامہ کے درمیان اس بات کو زور شور سے کہے گی کہ عوام سچ جانتی ہے اسی لئے شمال مشرق کی ریاستوں میں اس کو عوام کی حمایت ملی ہے جبکہ اس کا جواب حزب اختلاف راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی ہوئی زبردست شکست سے دے سکتی ہے۔
ایوان میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کی گرفتاری کے معاملے پر بھی ہنگامہ ہوگا اور کانگریس اس بات کو کہے گی کہ یہ سب بدلے کی سیاست کا نتیجہ ہے اور جو لوگ ملک کو لوٹ کے لے جا رہے ہیں وزیر اعظم ان کے ساتھ تصویریں کھینچوا رہے ہیں اور جو کسی بھی جانچ میں جانچ ایجنسیوں سے تعاون کر رہے ہیں ان کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
ویسے بھی یہ اجلاس موجودہ حکومت کا آخری بجٹ اجلاس ہے اس لئے اس کے ہنگامہ خیز ہونے کے امکان ہیں اور بہت ممکن ہے کہ اس اجلاس میں کوئی کام نہ ہو۔ طلاق ثلاثہ بل بھی کسی شکل میں اس اجلاس میں اٹھے گااور اس پر بھی ہنگامہ ہو گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Mar 2018, 8:19 AM