کشمیر: مسلح تصادم میں اے ایم یو کے سابق ریسرچ اسکالر سمیت دو ملی ٹینٹ ہلاک

موصولہ اطلاعات کے مطابق کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کے احکامات پر جمعرات کو تمام تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے شاٹ گنڈ ہندواڑہ میں جمعرات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا گیا۔ مہلوک ملی ٹینٹوں میں مبینہ طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سابق ریسرچ اسکالر منان وانی بھی شامل ہے۔ نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ان کی جھڑپیں ہوئیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع کپواڑہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل جاری رہا۔

ریاستی پولس کے ایک ترجمان نے کہا ’ہندواڑہ مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ شناخت کا عمل جاری ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شاٹ گنڈ ہندواڑہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم رات کے ڈھائی بجے شروع ہو کر دوپہر کے بارہ بجے تک جاری رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ شاٹ گنڈ میں مسلح تصادم کے دوران مقامی نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی غرض سے فورسز پر پتھراؤ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کے مرتکب احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔ طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران ہندواڑہ میں مسلح تصادم کے پیش نظر وادی کے مختلف حصوں بالخصوص شمالی کشمیر کے تعلیمی اداروں میں جمعرات کو درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کے احکامات پر جمعرات کو تمام تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔ ضلع بارہمولہ میں ہائر سکینڈری اسکولوں اور کالجوں میں معمول کی پڑھائی کا عمل معطل رہا۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں واقع اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سری نگر کے ڈگری کالجوں اور بعد ہائر سکینڈری اسکولوں میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔