نورمائکروفلم سینٹرکے کارناموں سے شائقین بے حدمتاثر:ڈاکٹرایرج الہٰی

نورمائکروفلم سینٹر قدیمی وراثت پرمشتمل نایاب قلمی نسخوں کی تلاش اور ان کی مرمت کرکے خوبصورت کتاب کی شکل دینے اور ڈیجٹلائزیشن کے ذریعہ طویل مدت کے لئے انہیں محفوظ کرنے کے لئے مشہورہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

دہلی کے پرگتی میدان میں جاری دو روزہ لائبریری فیسٹیول اپنی گوناگوں خصوصیات،نادر کتب، مختلف مذاہب کے مخطوطات اورقدیم نسخوں کی بدولت نورمائکروفلم سینٹر اپنا جلوہ بکھیر رہا ہے اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ اس کا افتتاح کل صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کیا تھا۔

افتتاح کرتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا تھا کہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹکنالوجی کے استعمال سے لائبریریوں کی نوعیت بدل رہی ہے جس کی وجہ سے وہ زیادہ قابل رسائی ہو رہے ہیں۔انہوں ے کہاکہ ہندوستان میں لائبریریوں کی جدید کاری اور ڈیجٹلائزیشن پر تبادلہ خیال کرنے اور دنیا بھر کی معروف لائبریریوں کوبہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔


فیسٹیول میں ہندوستان کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے کتب خانوں نے اپنے اسٹال لگائے ہیں۔اس موقع پرپرگتی میدان مخطوطات کے شائقین سے گلزارتھا۔فیسٹیول کی خاص بات یہ رہی کہ دانشورطبقہ کے ساتھ ساتھ بڑی تعدادمیں نوجوان جوش وخروش کے ساتھ فیسٹیول میں اسٹالوں پرنظرآرہے تھے۔ لائبریری فیسٹیول میں مختلف ممالک کے اسٹالوں کے درمیان انٹرنیشنل نورمائکروفلم سینٹر(ایران کلچرہاؤس)شائقین کی توجہ کامرکزرہاجہاں نایاب مخطوطات کی نمائش کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ نورمائکروفلم سینٹر قدیمی وراثت پرمشتمل نایاب قلمی نسخوں کی تلاش اور ان کی مرمت کرکے خوبصورت کتاب کی شکل دینے اور ڈیجٹلائزیشن کے ذریعہ طویل مدت کے لئے انہیں محفوظ کرنے کے لئے مشہورہے۔پرگتی میدان میں منعقد کتابوں کی نمائش میں اپنی 20 سالہ خدمات کے دوران بے شمار نسخوں کو نئی زندگی دینے والے نور مائکرو فلم سینٹرکے اسٹال پر نصف درجن سے زیادہ مقدس ہندو کتب کے قدیم فارسی نسخوں کی جلدیں دیکھنے کو ملیں۔اس کے علاوہ بہت سے مصنفین کی مردہ کتابوں کو مرمت اور تزئین کے ذریعہ زندہ کرکے ہمیشہ کے لئے محفوظ کرنے میں مصروف نورمائکرو فلم سینٹر نے قدیم اورنایاب کتابوں کی نمائش لگائی جوشرکاء کی توجہ کا مرکز رہی۔


اس نمائش میں ہندوکتب کے وہ قدیم نایاب نسخوں کے فارسی تراجم پیش کئے گئے تھے جو شاذ و نادر ہی نظر آتے ہیں۔نمائش میں سناتن مذہب کی مقدس کتاب بھگودگیتا (فارسی)،رامائن (اردو)،مہابھارت (فارسی)،وشنوپران(فارسی)، بھگودپران (فارسی) اورداراشکوہ کے ہاتھ سے لکھی مجمع البحرین(3جلد)کا فارسی ترجمہ جیسی نایاب کتابیں موجود تھیں جنہیں نور مائکرو فلم سینٹر نے ڈیجیٹل کرکے اصل کتاب کی شکل میں شائقین کے حوالے کیاہے۔ اس نمائش کودیکھنے والے دانشوروں،علماء،مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ عام لوگ زبردست پذیرائی کرتے نظر آئے۔فیسٹیول کے آخری روزمتعددمعززشخصیات نے بھی پرگتی میدان پہنچ کرنمائش میں شامل مصنفین اورکتب خانوں کی حوصلہ افزائی کی۔اتوارکے روز ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹرایرج الہٰی بھی لائبریری فیسٹیول دیکھنے پہنچے اورنورمائکروفلم سینٹرکے اسٹال پرموجودنایاب نسخوں کو دیکھااورذمہ داران کے منفردکارنامے کی جم کرتعریف کی۔ اس دو روزہ لائبریری فیسٹول کا اہتمام مرکزی وزارت ثقافت نے کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔