اب ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا: کمل ناتھ

کمل ناتھ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے غریبوں کے حق میں تاریخی فیصلہ کیا ہے اور 2019 میں مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی ہر غریب کے بینک کھاتے میں کم از کم آمدنی ہوگی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیراعلی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اقتدار میں آنے پر غریبوں کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی کا حق دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔

کمل ناتھ نے ٹوئٹر پر لکھا ’’کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے غریبوں کے حق میں ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ 2019 میں مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی ہر غریب کے بینک کھاتے میں ’کم از کم آمدنی‘ ہوگی۔ اب ہندوستان میں نہ کوئی غریب بھوکا رہے گا، نہ ہی بھوکا سوئے گا۔‘‘

واضح رہے کہ راہل گاندھی نے گزشتہ روز چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں کسان کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر صنعت کاروں کی خیر خواہ اور کسان اور غریبوں کی مخالف ہونے جیسے کئی الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں آنے پر کانگریس غریبوں کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی کا حق دے گی۔

راہل گاندھی نے 2019 کے عام انتخابات کا بگل پھونکتے ہوئے کہا کہ ’’عوام مالک ہیں اور ہم آپ کے حکم کے مطابق کام کرنے کے لئے ہیں۔ ہم اپنے من کی بات نہیں کریں گے بلکہ آپ کے من کی بات سنیں گے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا، ’’دنیا میں پہلی بار کانگریس پارٹی ایک فیصلہ لینے جا رہی ہے کہ 2019 انتخابات جیتنے کے فوراً ہندوستان کے ہر غریب شخص کو کانگریس کی حکومت کم از کم آمدنی دینے جا رہی ہے۔ اس کا مطلب ہندوستان کے ہر غریب کے بینک کھاتے میں کم از کم آمدنی جمع کر دی جائے گی۔ اس کے بعد ملک کا کوئی بھی غریب بھوکا نہیں رہے گا۔ یہ کام آج تک دنیا کی کسی بھی حکومت نے نہیں کیا ہے۔ یہ کام 2019 میں بننے والی کانگریس کی حکومت کرنے جا رہی ہے۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔