سالشی مہاراج نے شمشان کی زمین پر کیا قبضہ، عدالت سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری

اترپردیش کے اناؤ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے ساتھ ساتھ پریم سنگھ، مکیش کمار، جے پرکاش اور چوکھے لال کے خلاف بھی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی کے شعلہ بیان رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ وارنٹ ان کے خلاف شمشان گھاٹ کی زمین دھوکے سے اپنے نام کرا لیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جاری ہوا۔ اس مقدمہ میں ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کے خصوصی جج پون کمار تیواری نے اناؤ سے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے ساتھ ساتھ دیگر پانچ ملزمین کے خلاف بھی غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے ہیں۔ اسپیشل جج نے سبھی ملزمین کو گرفتار کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جبر سنگھ نامی شخص نے شمشان کی زمین پر دھوکہ سے قبضہ کرنے کی شکایت تھانہ کوتوالی نگر ایٹہ میں درج کرائی تھی۔ پولس نے ابتدائی جانچ کے بعد فرد جرم عدالت میں پیش کیا اور اس معاملے کی سماعت ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں تھی۔ شکایت کے مطابق ساکشی مہاراج، پریم سنگھ، مکیش کمار، جے پرکاش اور چوکھے لال نے سازش کے تحت شمشان کی زمین کا بیع نامہ اپنے حق میں کرا لیا تھا۔ دستاویزات کو دیکھنے کے بعد اسپیشل جج پون کمار تیواری نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ملزمین پر الزام طے ہونے ہیں لیکن ملزمین حاضر نہیں ہو رہے ۔ ایسے میں عدالت کا وقت برباد ہو رہا تھا اور جج نے ملزمین کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ لیا۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 12 مارچ کو ہوگی۔ عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مدت میں اگر پارلیمنٹ سیشن چل رہا ہو تو ایسی حالت میں یہ حکم معطل رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Dec 2018, 3:05 PM