ایئر انڈیا ملازم کے قتل کیس میں کلیدی ملزم ’کاجل کھتری‘ سے نوئیڈا پولیس کی پوچھ گچھ

"الزام ہے کہ ایئر لائنز عملے کے رکن کے قتل کی منصوبہ بندی کلیدی ملزم کاجل کھتری نے کی تھی، جو جیل میں بند کپل اور شوٹرز کے درمیان موبائل ایپ کے ذریعے رابطہ کراتی تھی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نوئیڈا میں ایئر انڈیا کے ایک کرو ممبر کا گولی مار کر قتل کیے جانے کی مبینہ سازش رچنے والی کاجل کھتری کو پولیس ٹرانزٹ ریمانڈ پر دیر رات نوئیڈا لے کر آ گئی ہے جہاں آج اس سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ واضح ہو کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے بڑی مشقت کے بعد بدھ کو کلیدی ملزم کاجل کھتری کو گرفتار کیا تھا۔

گینگسٹر کپل مان کی دوست کاجل کھتری کو ہی ایئر لائنس کے کرو ممبر کے قتل کا ماسٹر مائند مانا جا رہا ہے اور اس کے تار لارینس بشنوئی گینگ سے بھی جڑ سکتے ہیں۔ دراصل جنوری میں نوئیڈا کے سیکٹر 104 میں بائک سوار تین بدمعاشوں نے کار میں بیٹھے ایئر لائنس ملازم سورج مان کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ جیل میں میں قید کپل مان کے اشارے پر اس واردات کو انجام دیا گیا تھا۔ سورج مان دہلی کے گینسٹر پرویز مان کا سگا بھائی تھا۔


نوئیڈا پولیس کی کئی ٹیم کاجل کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوشش کر رہی تھی لیکن ہر مرتبہ وہ چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتی تھی۔ کاجل پر 25 ہزار روپے کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔قتل معاملے میں ابھی تک تیسرے شوٹر کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ امید ہے کہ پوچھ تاچھ کے بعد اس کی پہچان ہو جائے گی۔ تیسرا شوٹر ہی لارینس بشنوئی گینگ کا غنڈہ ہونے کا امکان ہے۔ جانکاری کے مطابق اس پورے قتل واقعہ کی کہانی کاجل کھتری نے ہی لکھی تھی۔ وہ موبائل ایپ کے ذریعہ جیل میں بند کپل اور شوٹروں کے درمیان کمیونکیشن کراتی تھی۔ لوکیشن سے لے کر اسلحہ مہیا کرانا اور سازش کو انجام تک پہنچانا اور پیسوں کا لین دین سب کچھ کاجل کے ہاتھ میں ہی تھا۔

غور طلب رہے کہ ایک پلاٹ کو لے کر کپل مان اور پرویش مان کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے گینگ وار چل رہا ہے۔ دونوں گروپ سے اب تک 5 لوگوں کا قتل ہو چکا ہے۔ سورج مان کا قتل بھی اسی گینگ وار کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مہلوک کے بھائی کی شکایت پر گینگسٹر کپل مان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔