نوئیڈا: پولیس چوکی میں نوجوان کی خودکشی کے معاملے میں 2 خواتین کے خلاف مقدمہ درج
بسرکھ تھانہ کی پولیس چوکی میں ایک نوجوان کے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کرنے کے معاملے میں اس کے اہل خانہ نے دو خواتین کے خلاف خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے
نوئیڈا: گوتم بدھ نگر کے بسرکھ تھانہ علاقے کے چپیانہ بزرگ پولیس چوکی میں جمعرات کی صبح ایک نوجوان کے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کرنے کے معاملے میں اس کے اہل خانہ نے دو خواتین کے خلاف خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے جمعہ کو یہ معلومات دی۔
پولیس نے بتایا کہ یوگیش نامی نوجوان جسے پولیس چوکی میں عصمت دری کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے لایا گیا تھا، اس نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اس معاملے میں اہل خانہ کی جانب سے سنگین الزامات لگائے جانے کے بعد پولیس کمشنر نے پولیس چوکی پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ مرحوم کی آخری رسومات ان کے آبائی ضلع علی گڑھ میں ادا کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس زون دوم سنیتی نے بتایا کہ دھرم ویر کے بیٹے تیج ویر سنگھ نے کل رات تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ اس کا بھائی یوگیش اس کے ساتھ چپیانہ میں واقع ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ شکایت میں دھرم ویر نے الزام لگایا ہے کہ اس کے بھائی پر فیکٹری میں کام کرنے والی دو خواتین کی طرف سے جنسی استحصال کے جھوٹے الزامات لگائے گئے تھے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دھرم ویر کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل اس معاملے میں دونوں فریقوں کے درمیان صلح ہو گئی تھی لیکن اب ان کے بھائی کے خلاف جھوٹی شکایت کی گئی ہے۔
یوگیش کے بھائی کا الزام ہے کہ خواتین کی جانب سے مبینہ طور پر جھوٹی شکایت درج کروانے سے پریشان ہو کر اس کے بھائی نے خودکشی کر لی ہے۔ ڈی سی پی سنیتی نے کہا کہ متاثرہ کی شکایت پر پولیس نے دونوں خواتین کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 306 کے تحت مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
جمعرات کو پولیس کمشنر لکشمی سنگھ نے پولیس چوکی میں ایک نوجوان کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں پولیس چوکی پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے جمعرات کو کہا تھا کہ پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کے حکم پر پولیس اہلکاروں کے خلاف معطلی کی کارروائی کے ساتھ اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے ایک افسر کو مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اسٹیشن انچارج اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔