نوئیل ٹاٹا ’ٹاٹا ٹرسٹ‘ کے نئے چیئرمین مقرر، بورڈ نے اتفاق رائے سے لیا فیصلہ

نوئیل ٹاٹا کو ’ٹاٹا سنس‘ کے پروموٹر ’ٹاٹا ٹرسٹ‘ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد جانشین کے انتخاب کے لیے منعقدہ ٹاٹا ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا

<div class="paragraphs"><p>نوئیل ٹاٹا / آئی اے این ایس</p></div>

نوئیل ٹاٹا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: نوئیل ٹاٹا کو جمعہ کو ’ٹاٹا سنس‘ کے پروموٹر ’ٹاٹا ٹرسٹ‘ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔ ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد جانشین کے انتخاب کے لیے منعقدہ ٹاٹا ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ بورڈ نے نوئیل ٹاٹا کو اتفاق رائے سے ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین منتخب کیا۔ نوئیل ٹاٹا رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی ہیں اور وہ فی الحال ٹاٹا اسٹیل اور وولٹاس سمیت کئی فہرست بند کمپنیوں کے بورڈ میں شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مہلی مستری کو ٹاٹا ٹرسٹ کا مستقل ٹرسٹی مقرر کیا جا سکتا ہے۔ مہلی ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین آنجہانی سائرس مستری کے کزن ہیں۔ نوئیل ٹاٹا کو اپنی ’لو پروفائل‘ قیادت کے لیے جانا جاتا ہے، جو رتن ٹاٹا کے زیادہ عوامی کردار کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے پہلی بار ٹاٹا گروپ میں سال 2000 میں شمولیت اختیار کی تھی۔


اس سال کے شروع میں نوئیل ٹاٹا کے تین بچوں لیا، مایا اور نیویل - کو سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ اور سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ سے منسلک کئی ٹرسٹوں میں بطور ٹرسٹی مقرر کیا گیا تھا۔ لیا اس وقت 'دی انڈین ہوٹلز' میں نائب صدر ہیں۔ جبکہ مایا کا تعلق 'ٹاٹا کیپٹل' سے ہے۔ نیویل ٹرینٹ اور اسٹار بازار کی قیادت کی ٹیم میں شامل ہیں۔

ٹاٹا ٹرسٹ ایک اہم ادارہ ہے جو تمام 14 ٹاٹا ٹرسٹوں کے معاملات کا انتظام کرتا ہے۔ ٹاٹا ٹرسٹ ٹاٹا سنس میں 65.3 فیصد حصص رکھتا ہے اور ہندوستان کے سب سے بڑے کاروباری گروپ کی رہنمائی کے لیے کام کرتا ہے۔

ٹاٹا سنس کافی حد تک ٹاٹا ٹرسٹ کے تحت دو بڑے ٹرسٹوں سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ اور سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ کی ملکیت ہے، جو کہ مل کر ٹاٹا سنس میں 50 فیصد سے زیادہ حصص رکھتے ہیں۔

رتن ٹاٹا کے انتقال پر جمعرات کو ہزاروں لوگوں نے، بشمول اعلیٰ سیاسی لیڈران، صنعت کاروں، مشہور شخصیات اور عام لوگوں نے خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔