کانگریس کے بغیر بی جے پی کے خلاف محاذ نہیں بن سکتا : پٹولے
بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے ملک کو برباد کر دیا ہے، وہ سرکاری جائیدادوں کو پرائیویٹ سیکٹر کو بیچنے میں ملوث ہیں ۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نےکل شیوسینا کے ترجمان روزنامہ سامنا کے اداریہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اداریہ میں جو کچھ بھی لکھا گیا ہے وہ سچ ہے، کانگریس کے بغیر 2024 کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف الیکشن لڑنے کے لیے محاذ نہیں بنایا جا سکتا ۔
اخبار کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر پٹولے نے کہا کہ کانگریس ہی ملک کو بیچنے والوں کے ہاتھ سے آزاد کرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے ملک کو برباد کر دیا ہے، وہ سرکاری جائیدادوں کو پرائیویٹ سیکٹر کو بیچنے میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے ایئر انڈیا، ریلوے بی ایس این ایل اور دیگر سرکار کمپنیوں کو فروخت کر دیا ۔ فروخت کی گئی تمام کمپنیاں کانگریس حکومت نے بنائی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے کانگریس ہی واحد متبادل ہے، اگر ہم ملک کو بچانا چاہتے ہیں تو تمام حزب اختلاف کی جماعتوں کو متحد ہو کر بی جے پی کے خلاف لڑنا ہوگا ۔ کئی محاذ بنانا مناسب نہیں، اس کا بالواسطہ فائدہ بی جے پی کو ہو سکتا ہے۔
شیوسینا کی ممتا بنرجی پر تنقید
اہم بات یہ ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا حال ہی میں ممبئی میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کانگریس نے متحدہ ترقی پسند اتحاد سے متعلق ان کے بیان پر سخت اعتراض کیا تھا۔ یو پی اے کے کام کاج پر تبصرہ کرتے ہوئے محترمہ بنرجی نے کہا تھا، "یو پی اے اب کہاں ہے؟" شیوسینا نے پارٹی کے ترجمان روزنامہ سامنا کے کل کے اداریہ میں یو پی اے پر محترمہ بنرجی کے بیان کی مذمت کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔