مجھے نظر بند کر کے مہاجر مزدوروں کی مدد کرنے سے نہیں روکا جا سکتا:انل
جہاں غریبوں کو مدد کی ضرورت ہوگی،ہم انسانیت اور خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے غریبوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا ہے کہ دہلی پولیس مجھے نظر بند کر کے اور میرے خلاف ایف آئی آر درج کرکےغریب مہاجر مزدوروں کی مدد کرنے کے میرے عزم کو نہیں توڑ سکتی۔چودھری انل نے کہا کہ اس سے میرا ارادہ مزید مضبوط ہوگیا ہے اور جہاں غریبوں کو مدد کی ضرورت ہوگی،ہم انسانیت اور خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے غریبوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔انہوں نے غریبوں کی مدد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس’کووڈ-19‘وبا کی وجہ سے جب یہ لوگ خطرناک بحران سے دوچار ہیں اگر ان کی مدد کرنا جرم ہے جس کے لئے ہمیں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے تو اس کا ہمیں کوئی افسوس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا پارٹی کی تہذیب اور تاریخ لوگوں کی خدمت کرنے کی رہی ہے جب یہ مائیگرینٹ ورکرز انتہائی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں تو دہلی کانگریس غریب مہاجر مزدوروں کی نہ صرف مدد کررہی ہے بلکہ کانگریس کے شاندار ماضی کو بھی زندہ کررہی ہے۔
چودھری انل نے آج پٹپڑ گنج اسمبلی میں واقع مغربی ومشرقی ونود نگر کے آئیسولیشن سینٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے وہا ں کی صورت حال کو دیکھ کر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پر آئیسولیٹڈ مزدوروں کی حالت قابل رحم ہے،جنہیں جانوروں کی طرح رکھا جارہا ہے۔
انل چودھری نے مزدوروں میں شربت اور کھانا تقسیم کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیجریوال حکومت نے ان غریبوں کوبنیادی سہولتیں تک مہیا نہیں کرائیں اور ان کو پوری طرح نظر انداز کردیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 May 2020, 6:30 AM