ان لاک ۔ 2 میں بھی نہیں چلے گی میٹرو، بند رہیں گے سینما ہال

سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، مذہبی پروگرام اور بھیڑ بھاڑ والے دیگر پروگراموں پر بھی پہلے ہی کی طرح پابندی جاری رہے گی۔ اسکول، کالج، اورکوچنگ سینٹر بھی 31 جولائی تک بند رہیں گے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کورونا وبا سے پریشان ملک میں معاشی سرگرمیوں کو پھر سے پٹری پر لانے اورزندگی کو معمول پر لانے کی سمت میں اقدام کررہی حکومت نے آج ان لاک2 سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ حالانکہ کنٹینمنٹ زون میں مکمل پابندی 31 جولائی تک سختی سے نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذریعہ آج رات جاری ہدایت یکم جولائی سے 31 جولائی تک نافذ رہیں گی اور ان میں کنٹینمنٹ زون کے باہر کے علاقوں میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ سرگرمیوں کو چالو کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن میٹرو ریل، سینما ہال، جم، سوئمنگ پول، انٹرٹینمنٹ پارک، تھیٹر، بار، آڈی ٹوریم، اسمبلی ہال اور اسی طرح کے دیگر مقامات کو ابھی بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔


اس کے علاوہ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، مذہبی پروگرام اور بھیڑ بھاڑ والے دیگر پروگراموں پر بھی پہلے ہی کی طرح پابندی جاری رہے گی۔ اسکول، کالج، اورکوچنگ سینٹر بھی 31 جولائی تک بند رہیں گے۔ان کو کھولنے کی تاریخ کے بارے میں الگ سے فیصلہ کیا جائے گا جو صورت حال کے اندازے پر مبنی ہوگا۔

مرکز اور ریاستی حکومتوں کے تربیتی اداروں کو پندرہ جولائی سے کام کرنے کی اجازت ملے گی لیکن انہیں حکومت کے ذریعہ جاری معیاری طریقہ کار کی پیروی کرنی ہوگی۔ رات کے کرفیو میں ڈھیل دی گئی ہے اور اب یہ رات دس بجے سے صبح پانچ بجے تک اس کا نفاذ رہے گا۔


کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں 25 مارچ سے کئی مرحلوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جاچکا ہے۔ لاک ڈاؤن کے کئی دور کے بعد حکومت نے معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو پھر سے پٹری پر لانے کے لئے ملک کو ان لاک کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ اسی کے تحت آج ان لاک سے متعلق ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔

حکومت ان لاک۔1 کے تحت کنٹینمنٹ زون سے باہر مذہبی مقامات، ہوٹلوں، ریستراں اور دیگر ہوسٹنگ سروس اورشاپنگ مال وغیرہ کو کھولنے کی اجازت پہلے ہی آٹھ جون کو دے چکی ہے۔ ان لاک ۔1 سے متعلق ہدایات 30 مئی کو جاری کئے گئے تھے۔


پہلے سے چالو گھریلو پروازوں اورمسافر ٹرینوں کی سروسیز کو ان لاک۔2 میں مرحلہ وار طریقے سے اور زیادہ توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دکانوں میں اب پانچ سے زیادہ لوگ ایک ساتھ رہ سکیں گے حالانکہ انہیں سماجی دوری کے اصولوں کی پیروی کرنی ہوگی۔ بین الاقوامی پروازوں کو ابھی وندے ماترم مشن کے تحت ہی اجازت دی گئی ہے۔ انہیں بعد میں مرحلہ وار طریقہ سے بڑھایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔