مدھیہ پردیش میں آج نہیں ہوگا فلور ٹیسٹ، سپریم کورٹ میں سماعت بدھ تک ملتوی

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اسمبلی کے اسپیکر کی بات سنے بغیر ریاست میں فلور ٹیسٹ کرانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔ یہ کہتے ہوئے عدالت نے اسپیکر سے جواب حاصل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا۔

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ حکومت پر فلور ٹیسٹ کا دباؤ اپوزیشن بی جے پی لگاتار بڑھا رہی ہے لیکن فی الحال یہ فلور ٹیسٹ ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان نے فوری طور پر فلور ٹیسٹ کرانے کے لیے جو عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی تھی اس پر آج سماعت کرتے ہوئے عدالت نے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور اسپیکر کو نوٹس جاری کر اس سلسلے میں جواب ضرور مانگا، لیکن پھر اس معاملے پر سماعت بدھ کے روز 10.30 بجے کرنے کا اعلان کیا۔


آج ہوئی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اسمبلی اسپیکر کی بات سنے بغیر ریاست میں فلور ٹیسٹ کرانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔ یہ کہتے ہوئے عدالت نے اسپیکرسےجواب حاصل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کوبھی نوٹس جاری کر ان کا جواب مانگا ہے۔ یہ نوٹس وہاٹس ایپ اور ای میل کے ذریعہ بھیجا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آج جب سپریم کورٹ میں شیوراج چوہان کی عرضی پر سماعت ہوئی تو مدھیہ پردیش حکومت اور کانگریس کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں حاضر نہیں ہوا تھا۔ اس وجہ سے سپریم کورٹ نے اس معاملے کو کل سماعت کے لیے ملتوی کرنامناسب سمجھا۔ بی جے پی کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل مکل روہتگی نے سپریم کورٹ سے کہا کہ دوسرا فریق عدالت میں اس لیے نہیں آیا تاکہ انھیں ایک دن مل سکے۔ اس کے بعد جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ ’’ہمیں نوٹس جاری کرنا ہوگا۔‘‘


واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں یہ سماعت ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ ساتھ 9 اراکین اسمبلی کی داخل عرضیوں پر ہوئی۔ 9 بی جے پی اراکین اسمبلی جنھوں نے فوری فلور ٹیسٹ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ان میں گوپال بھارگو، نروتم مشرا، بھوپندر سنگھ، رامیشور شرما، وشنو کھتری، وشواس سارنگ، سنجے ستیندر پاٹھک، کرشنا گور اور سریش رائے شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔