’را‘ کے سالانہ پروگرام میں بھی صحافیوں کی ’نو انٹری‘، دَعوت نامہ بھیجا اور پھر کر دیا کینسل
’را‘ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والے ’رام ناتھ کاو سالانہ یادگاری پروگرام‘ میں پہلے کچھ معروف صحافیوں کو مدعو کیا گیا، اور پھر ان کے دعوت نامہ کو رَد کر دیا۔
مودی حکومت آج کل صحافیوں سے دور دور نظر آ رہی ہے۔ تازہ معاملہ رام ناتھ کاو سالانہ یادگاری پروگرام کا ہے۔ جہاں صحافیوں کو اس پروگرام میں آنے کے لیے دعوت نامہ دیا گیا لیکن تقریب سے ایک دن قبل انھیں فون کر کے منع کر دیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ انھیں پروگرام میں آنے کی اجازت نہیں ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ وزیر داخلہ امت شاہ اس تقریب میں داخلی سیکورٹی پر اپنی تقریر پیش کرنے والے ہیں۔
انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کے مطابق را کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والے رام ناتھ کاو سالانہ یادگاری تقریب میں کچھ معروف صحافیوں کو مدعو کیا گیا تھا، لیکن بعد میں انھیں آنے سے منع کر دیا گیا۔ اس سے قبل اس مہینے کے شروع میں ہی کچھ صحافیوں کو شناخت سے متعلق کاغذات دستیاب کرا دیے گئے تھے، لیکن گزشتہ اتوار کو را کے افسران نے انھیں فون کر اسے واپس لینے کی جانکاری دی۔ اس دوران کہا گیا کہ پروگرام میں میڈیا کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’ریسرچ اینڈ اینالسس وِنگ‘ یعنی راو کے سابق سربراہ رام ناتھ کاو کی یاد میں ہر سال اس تقریب کا انعقاد ہوتا ہے۔
رام ناتھ کاو کی یاد میں منعقد ہونے والی اس تقریب کی شروعات 2007 میں ہوئی تھی اور ان کے یوم وفات کے دن ہی اس کا انعقاد ہوتا ہے۔ یہ یادگاری تقریب خفیہ ایجنسی کے اراکین کے کیلنڈر میں ایک پرجوش تقریب بن گیا ہے۔ یہ واحد موقع ہے جب میڈیا کے ایک حصے کو لودی روڈ کے پاس را ہیڈ کوارٹر کے اعلیٰ سیکورٹی والے علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اس پروگرام کے دوران صحافیوں کو سیکورٹی پر تقریر کرنے والوں سے سوال پوچھنے کا کھلا موقع ملتا تھا۔ اس تقریب رام ناتھ کاو کی فیملی کے اراکین اور کاو کے بیٹوں کو بلایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس تقریب میں اس سے پہلے کئی مشہور و معروف ہستیاں حصہ لیتی رہی ہیں جن میں سیاستداں، صنعت کار، نوکرشاہ وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے کمار منگلم بڑلا، ششی تھرور، این این ووہرا، پیوش پانڈے، رگھو رام راجن، نریش چندرا اور بھانو پرتاپ مہتا کے نام شامل ہیں۔ لیکن اس سال پہلی بار ایسا ہوا ہے جب سرکار میں کسی وزارت کی ذمہ داری سنبھال رہا شخص تقریر دینے جا رہا ہو۔
ایسے ماحول میں سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا امت شاہ تقریر کرنے والے ہیں اسی لیے صحافیوں کا دعوت نامہ کینسل کیا گیا ہے۔ یہ سوال اس لیے بھی اٹھ رہا ہے کیونکہ وزارت مالیات میں پی آئی بی سے منظور یافتہ صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔ اتنا ہی نہیں، وزارت مالیات کے ذریعہ منعقد پریس کانفرنس میں صحافیوں سے سوال پوچھنے پر روک لگ چکی ہے۔ اس کے بعد صحافیوں نے وزارت مالیات کے ذریعہ منعقد پریس کانفرنس کا ہی بائیکاٹ کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Aug 2019, 7:10 PM