بھوپال میں نہیں منے گی عید، 25 جولائی سے دس دن کے لئے مکمل لاک ڈاون
راجدھانی بھوپال میں گزشتہ 22دنوں کے دوران کورونا کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اس وقت ان کی تعداد 4800کو پار کرگئی ہے۔
کورونا متاثرین کے معاملات میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے بھوپال میں 25جولائی کی صبح سے دس دنوں تک مکمل لاک ڈاون رہے گا اور اس پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
ریاست کے وزیرداخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج شام یہاں میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ 23اور 24جولائی کو لوگوں کو سہولت دی گئی ہے کہ وہ کورونا سے متعلق اقدامات کا خیال رکھ کر ضروری اشیا خرید لیں اور اگر کسی کو بھوپا ل سے باہر جانا ہے یا آنا ہے تو وہ کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد ہنگامی خدمات کو چھوڑ کر کسی میں رعایت نہیں دی جائے گی۔ 24جولائی کی رات یعنی 25جولائی کی صبح سے لاک ڈاون تین اگست کی رات تک جاری رہے گا۔
ڈاکٹر مشرا نے کہاکہ دس دنوں تک بھوپال کی شہر کی سرحدیں بھی سیل رہیں گی۔ بازار مکمل طورپر بند رہیں گے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دوران پڑنے والے تہوار وغیرہ بھی تمام لوگ گھر پر رہ کر ہی منائیں گے۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی طرف سے جلد وسیع رہنما ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ لاک ڈاون کے دوران دوائیں اور سبزی وغیرہ ملتی رہیں گی لیکن بازار پوری طرح بند رہیں گے۔ سرکاری راشن کی دکان بھی بند رہیں گی۔
راجدھانی کے باغ سیونیا علاقہ اور پرانے شہر کے تقریباً دو درجن علاقوں میں آج سے اتوار تک لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے لیکن آج صبح پھر بڑی تعداد (153) میں کورونا کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ نے پوری صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
راجدھانی بھوپال میں گزشتہ 22دنوں کے دوران کورونا کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اس وقت ان کی تعداد 4800کو پار کرگئی ہے۔ اس کے علاوہ 143لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ فعال معاملات بھی تیزی سے بڑھ کر 1400کے آس پاس پہنچ گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Jul 2020, 8:11 AM