یوگی حکومت کے وزیر نے کہا، غیر قانونی شراب پر نہیں لگ سکتی روک

زہریلی شراب سے ہوئی اموات کے معاملے میں حکومت نے سہارنپور کے پولس سپرنٹنڈنٹ (شہر) پربل پرتاپ سنگھ کو فیروز آباد بھیج دیا ہے۔ ان کے مقام پر فیروزآباد سے دویندر بھوشن کو اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سہارنپور: اترپردیش کے آبکاری وزیر جے پرتاپ سنگھ نے قبول کیا ہے کہ غیر قانونی شراب کے کاروبار پر نکیل کسنا حکومت کے لئے سخت چیلنجنگ ہے۔

جے پرتا سنگھ نے گزشتہ روز سنیچر کو یوا ین آئی سے بات چیت میں کہا کہ پولس غیر قانونی شراب کے کاروبار کی پوری اطلاع رکھنے کے بعد جان بوجھ کر کاروائی نہیں کرتی ہے۔ کچے شراب کے کاروبار کو روکنا حکومت کے لئے سخت چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہارنپور میں زہریلی شراب سے ہوئی اموات کی جانچ کی لئے بنائی گئی ایس آئی ٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد قصوراروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

اس درمیان زہریلی شراب سے ہوئی اموات کے معاملے میں حکومت نے سہارنپور کے پولس سپرنٹنڈنٹ (شہر) پربل پرتاپ سنگھ کو فیروز آباد بھیج دیا ہے۔ ان کے مقام پر فیروزآباد سے دویندر بھوشن کو اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔

وزیر نے کہا کہ ایس آئی ٹی اس سے قبل ہوئے اس طرح کے واقعات کا بھی جائزہ لے گی۔ انہوں نے قبول کیا کہ شراب مافیاؤں کے معاملے میں عدالت میں نرم پیروی کی وجہ سے مناسب کاروائی نہیں ہوپاتی ہے۔ زہریلی شراب کے لئے ذمہ دار مانے جانے والے متھائل الکوہل کی گاڑیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پڑوسی ریاست ہریانہ سے ہونے والی شراب کی اسمگلنگ پر روک نہیں لگائی جاسکی ہے۔

واضح رہے کہ اتر پردیش میں زہریلی شراب کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی تعداد 100 کو پار کر چکی ہے۔ اتر پردیش کے ساتھ اتراکھنڈ میں بھی اموات واقع ہوئیں۔ شراب نوشی کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات سہارنپور میں واقع ہوئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔