این ایم ڈی سی نے 40 ملین ٹن لوہے کی پیداوار کا بنایا ریکارڈ

کمپنی نے مستحکم بنیادی اصولوں اور نمایاں افرادی قوت کے بل پر 40 ملین ٹن لوہے کی پیداوار کا سنگ میل حاصل کیا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نیشنل منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایم ڈی سی) نے، جو اسٹیل کی وزارت کے تحت ملک کی سب سے بڑی لوہا پیدا کرنے والی مرکزی سرکاری زمرے کی ایک کمپنی ہے، ایک سال میں 40 ملین ٹن (ایم ٹی) لوہے کی پیداوار کرنے والی ملک کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ 1960 کی دہائی کے اخیر میں سالانہ 4 ملین ٹن کی پیداوار سے اب 40 ملین ٹن تک، ملک کی سب سے بڑی لوہا پیدا کرنے والی کمپنی کی ترقی کی یہ رفتارغیر معمولی رہی ہے۔ 1970-1969 میں 4 ملین ٹن سے شروعات کر کے این ایم ڈی سی نے 1978-1977 میں 10 ملین ٹن کی حد پار کی ہے۔ 2005-2004 تک اس نے مزید دس ملین کا اضافہ کیا اس طرح ایک دہائی میں 30 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی اور اب 40 ملین کا نشان پار کر چکی ہے۔

لوہے کی گھریلو مانگ میں مسلسل اضافے سے اپنی رفتار کو ہم آہنگ رکھتے ہوئےکمپنی بڑھی ہوئی پیداوار کے رُخ پر آگے بڑھتے ہوئے بنیادی سرمائے کی ساتھ جرأت مندانہ توسیعی منصوبے بنا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں، این ایم ڈی سی نے جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا ہے اور ایک انقلابی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بنایا ہے جس کا مقصد شعبے میں کووڈ کی وجہ سے جو سست روی آئی ہے اور اتار چڑھاؤ پیدا ہوا ہے اس پر قابو پانا ہے۔مرحلہ وار مضبوطی کی طرف بڑھتے ہوئے کمپنی نے مستحکم بنیادی اصولوں اور نمایاں افرادی قوت کے بل پر 40 ملین ٹن لوہے کی پیداوار کا سنگ میل حاصل کیا ہے۔


اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے این ایم ڈی سی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سمیت دیب نے کہا کہ این ایم ڈی سی نے 40 ملین ٹن سے زیادہ پیداوا کرنے والی ہندوستان میں لوہے کی کان کنی کی پہلی کمپنی بننے کا شاندار کارنامہ تمام تر مشکلات کے باوجود اور چیلنجوں کو قبول کرکے انجام دیا ہے جو اس کی صلاحیت کا ایک شاندار مظاہرہ ہے۔ کمپنی کی استقامت اور مستقل مزاجی نتیجہ خیز رہی۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نےکہا کہ ان کو یقین ہے کہ ہم آتم نربھر بھارت کے قومی وژن کو پورا کرنے کے اپنے راستے میں مزید کئی سنگ میل عبور کرتے جائیں گے۔ یہ کامیابی یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ کمپنی 2030 تک سالانہ 100 ملین ٹن کی پیداوار والی کمپنی بننے کی راہ پر ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی نے 2030 تک سالانہ 100 ملین ٹن والی کمپنی بننے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ مرکزی سرکاری زمرے کی یہ کمپنی اپنے پورٹ فولیو میں کوئلہ، ہیرا، سونا اور قومی مفاد کی دیگر اسٹریٹجک معدنیات کے ساتھ ایک کثیر معدنی پہچان کی طرف بڑھنے میں اپنی مہارت سے فائدہ اٹھانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔