آر ایس ایس لیڈروں سے نتیش نے کی ملاقات، بی جے پی بے خبر!

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر ایس ایس کے کچھ بڑے لیڈروں کے درمیان پٹنہ میں ایک خفیہ ملاقات کی خبر سے بہار کے سیاسی گلیارے میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اب تک کی اپنی پوری سیاسی زندگی میں آر ایس ایس سے ایک خاص دوری بنا کر چلنے والے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر ایس ایس کے کچھ اہم لیڈروں کے درمیان پٹنہ میں ملاقات کی خبر ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات کہیں نہیں، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوئی اور اس دوران کافی طویل بات چیت ہوئی۔ خبروں کے مطابق پٹنہ واقع وزیر اعلیٰ رہائش گاہ میں آر ایس ایس کے انتہائی اہم لیڈر رام لال اور رمیش اپّا نے نتیش کمار سے ملاقات کی۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ رام لال اور رمیش اپّا دو دنوں سے پٹنہ دورے پر تھے۔

وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے آر ایس ایس لیڈروں کی یہ ملاقات اتنی خفیہ رکھی گئی تھی کہ دہلی سے لے کر پٹنہ تک سیاسی گلیاروں میں اس کی کسی کو خبر نہیں لگی۔ اس بات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آر ایس ایس لیڈروں کی نتیش کمار سے ملاقات کی خبر نہ تو بی جے پی کے کسی بڑے لیڈر کو تھی اور نہ ہی جنتا دل یو کے سینئر لیڈروں کو۔ یہاں تک کہ ملاقات کے بعد بھی وزیر اعلیٰ رہائش گاہ اور آر ایس ایس کی طرف سے اس ملاقات کے بارے میں کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ اپنے سیاسی سفر کے زیادہ تر حصے میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں رہنے والے بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یو سربراہ نتیش کمار ہمیشہ سے آر ایس ایس کے نظریہ کے خلاف رہے ہیں۔ ایسے میں ان کی آر ایس ایس لیڈروں کے ساتھ اس خفیہ ملاقات کو لے کر سوال اٹھنے لگے ہیں۔

قابل غور ہے کہ کچھ مہینے پہلے آر ایس ایس سے جڑے اداروں کی جانکاری جمع کرنے کے بہار پولس کے ایک حکم سے جنتا دل یو-بی جے پی کے درمیان کشیدگی کے بعد نتیش کمار کو ڈیمیج کنٹرول کرنا پڑا تھا۔ اتنا ہی نہیں، طویل مدت سے گری راج سنگھ جیسے بی جے پی لیڈروں کے نتیش کمار کے خلاف بیان اتحاد کو مشکل میں ڈالتے رہے ہیں۔ ایسے میں ان سب کے درمیان ہوئی اس میٹنگ کو لے کر کئی طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔