نتیش کمار کی وزیر اعظم مودی کو پھر یقین دہانی، ’ہم لوگ اب کبھی اِدھر اُدھر نہیں جائیں گے!‘
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وزیر اعظم مودی کو عوامی سطح پر دوبارہ یقین دلایا کہ ان کی جماعت اب کبھی اتحاد (این ڈی اے) سے علیحدہ نہیں ہوگی اور وہ ہمیشہ بی جے پی کے ساتھ رہیں گے
جموئی: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو ایک عوامی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر یہ یقین دہانی کرائی کہ ان کی پارٹی اب کبھی اِدھر اُدھر نہیں جائے گی اور وہ ہمیشہ بی جے پی کے ساتھ رہیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی مسکراتے ہوئے نتیش کمار کی باتیں سن رہے تھے۔
وزیر اعظم مودی جمعہ کو بہار کے جموئی پہنچے جہاں انہوں نے آزادی پسند اور قبائلی عظیم ہستی برسا منڈا کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ’یومِ قبائلی وقار‘ کے نام سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے 6640 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس تقریب میں وزیر اعظم مودی کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ بی جے پی کے ساتھ رہے گی۔
نتیش کمار نے مزید کہا، ’’بیچ میں کچھ غلطیاں ہوئیں، کچھ لوگوں نے غلط کام کیا لیکن ہم نے طے کر لیا ہے کہ اب ہم کبھی ادھر ادھر نہیں جائیں گے۔ ہم ہمیشہ اٹل بہاری واجپئی کے ساتھ تھے اور اب ہم بی جے پی کے ساتھ رہیں گے۔‘‘
انہوں نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مودی پورے ملک کے لیے کام کر رہے ہیں اور بہار کے لیے بھی انہوں نے بہت کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم جہاں بھی جاتے ہیں، وہاں کچھ نہ کچھ ترقیاتی کام ضرور ہوتا ہے۔ ان کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور ان کے کام کی ہم تعریف کرتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو، این ڈی اے میں شامل ہونے سے پہلے مہاگٹھ بندھن کا حصہ تھی لیکن اب وہ این ڈی اے میں شامل ہو چکی ہے۔ چنانچہ نتیش کمار بار بار عوامی سطح پر یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ ان کی پارٹی اب کبھی بھی مہاگٹھ بندھن کے ساتھ نہیں جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔