پی ایم مودی کی میٹنگ سے نتیش اور چندرشیکھر راؤ رہے غائب، آخر کیوں؟

نتیش کے بارے میں کہا گیا کہ وہ حال ہی میں کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں اس لیے آج کی میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے، دوسری طرف چندرشیکھر راؤ مرکزی حکومت سے ناراضگی کے سبب میٹنگ سے دور رہے۔

نیتی آیوگ کی میٹنگ
نیتی آیوگ کی میٹنگ
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز نیتی آیوگ کی ساتویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ اتوار کو دہلی میں راشٹرپتی بھون کے کلچرل سنٹر میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، لیکن دو بڑے لیڈران یعنی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ اس میں شریک نہیں ہوئے۔ ان دونوں کی غیر حاضری پر سیاسی گلیارے میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس سے پہلے بھی پی ایم مودی کی صدارت میں ہوئی ایک میٹنگ سے نتیش کمار ندارد رہے تھے۔

نتیش کمار کی غیر موجودگی پر سوال اٹھنے پر کہا گیا ہے کہ وہ کچھ اہم وجوہات کی وجہ سے شامل نہیں ہو سکے۔ ایک وجہ یہ رہی کہ نتیش کمار حال ہی میں کووڈ-19 سے شفایاب ہوئے ہیں اس لیے انھوں نے میٹنگ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ دوسری طرف تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نےمرکزی حکومت پر دوہرا رویہ اختیار کرنے سمیت کئی الزامات عائد کرتے ہوئے میٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ کے سی آر نے وزیر اعظم کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ تلنگانہ سمیت ریاستوں کے خلاف مرکز کی مبینہ تفریق کے خلاف ان کے احتجاج کو نشان زد کرنے کے لیے ہے۔


نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی یہ میٹنگ جولائی 2019 کے بعد سے پہلی نجی میٹنگ ہے۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے الگ الگ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نیتی آیوگ کی اس میٹنگ میں ریاستوں اور مرکزی حکومت کے درمیان تعاون اور ایک نئی سمت میں کام کرنے کے لیے تال میل بٹھانے سے متعلق پالیسی پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں دیگر ایشوز، مثلاً فصل تنوع، زرعی شعبہ میں خود کفیلی، قومی تعلیمی پالیسی اور شہری حکومت سمیت کئی اہم ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی میٹنگ کے دوران کوئلہ سمیت اہم فرٹیلائزرس پر رائلٹی ریٹ میں ترمیم کی گزارش کی۔ انھوں نے انسداد نکسل کے لیے تعینات مرکزی سیکورٹی فورسز پر 12 ہزار کروڑ روپے کے خرچ کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس دوران چھتیس گڑھ حکومت کے ’گئو دھن منصوبہ‘ کی تعریف بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔