نتیش کمار نے اپنے وزیر تجارت شیام رجک کو کیا برخاست

شیام رجک جو سال 2009 میں آر جے ڈی چھوڑ کر جے ڈی یو میں شامل ہوئے تھے وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر آر جے ڈی میں شامل ہو سکتے ہیں ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بہار کے وزیر تجارت شیام رجک کو وزیراعلیٰ نتیش کمار کی سفارش پر گورنر نے کابینہ سے برخاست کر دیا۔ مسٹر کمار نے مسٹر رجک کو کابینہ سے ہٹانے کی سفارش گورنر فاگو چوہان سے کی تھی جسے گورنر نے منظور کر لیا۔

اس سے پہلے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر وشسٹھ نارائن سنگھ نے مسٹررجک کو پارٹی سے برخاست کر دیا تھا۔ واضح رہے شیام رجک کچھ دنوں سے پارٹی میں نظر انداز کیے جانے سے ناراض تھے۔


مسٹر رجک ممکنہ طور پر کل اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شامل ہوں گے۔ مسٹر رجک سال 2009 میں آر جے ڈی چھوڑ کر جے ڈی یو میں شامل ہوئے تھے۔ قبل ازیں وہ آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے بے حد قریبی سمجھے جاتے تھے۔ سال 2010 کے الیکشن میں وہ جے ڈی یو کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور نتیش کابینہ میں وزیر بنے۔ سال 2015 میں جب آر جے ڈی کے ساتھ جے ڈی یو نے حکومت بنائی تو اس وقت مسٹر رجک کو کابینہ کا حصہ نہیں بنایا گیا لیکن آر جے ڈی سے اتحاد ٹوٹنے کے بعد جب پھر سے بی جے پی کے ساتھ جے ڈی یو کی حکومت بنی تو ایک بار پھر مسٹر رجک کو کابینہ میں شامل کیا گیا ۔

بہار اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل شیام رجک کا برخاست کیا جانا جے ڈی یو کےلئے ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔ شیام رجک اگر آر جے ڈی میں شامل ہوتے ہیں تو یہ لالو کی پارٹی کے لئے ایک فائدہ ہو سکتا ہے اور انتخابات سے قبل اس قدم سے آر جے ڈی کے کارکنان میں جوش پیدا ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔