یونین بجٹ پیش کرنے والی نرملا سیتا رمن ’اکنامکس‘ میں کمزور، بیٹی نے کیا انکشاف!

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن جب بجٹ پیش کرنے کے مقصد سے پارلیمنٹ پہنچی تھیں تو ایوان میں ان کی بیٹی وانگمئی، ماں ساوتری اور والد نارائن بھی موجود تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی کابینہ کی ایک انتہائی اہم رکن نرملا سیتا رمن نے 5 جولائی کو لوک سبھا میں اپنا پہلا یونین بجٹ بطور مرکزی وزیر مالیات پیش کیا۔ اس بجٹ کو لے کر کئی ماہر اقتصادیات نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن ان کی بیٹی نے ایک ایسا انکشاف کیا ہے جو موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ دراصل ان کی بیٹی وانگمئی پرکلا نے کہا ہے کہ ان کی ماں یعنی نرملا سیتا رمن اکنامکس میں بہت زیادہ مضبوط نہیں تھیں۔ حالانکہ ساتھ میں وانگمئی نے یہ بھی کہا کہ مجھے انھیں دیکھ کر فخر کا احساس ہوتا ہے۔

قابل غور ہے کہ نرملا سیتارمن جب بجٹ پیش کرنے کے مقصد سے پارلیمنٹ پہنچی تھیں تو ایوان میں ان کی بیٹی وانگمئی، ماں ساوتری اور والد نارائن بھی موجود تھے۔ ’دی انڈین ایکسپریس‘ میں شائع کالم ’دہلی کانفیڈنشیل‘ میں ان کے کچھ بیانات شائع ہوئے ہیں۔ اسی میں وانگمئی نے اس بات کا انکشاف کیا کہ نرملا سیتارمن اکنامکس یعنی اقتصادیات میں بہت تیز نہیں تھیں۔ نرملا سیتارمن کے والد کا بھی بیان مذکورہ کالم میں شامل کیا گیا ہے اور انھوں نے پیش کیے گئے بجٹ کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ والد نارائن نے کہا کہ وہ بجٹ سے خوش ہیں کیونکہ اس میں ایسی چیزیں شامل کی گئی ہیں جن کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔


بہر حال، وانگمئی کا بیان کچھ لوگوں کے درمیان اس وجہ سے موضوعِ بحث بنا ہوا ہے کیونکہ انھیں بجٹ سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ اس کی وجہ اس بات میں تلاش کرنے لگے ہیں کہ نرملا سیتارمن اکنامکس میں بہت زیادہ مضبوط نہیں تھیں، یعنی اکنامکس کے بارے میں کم جانکاری ہونے کے سبب وہ بہتر بجٹ پیش نہیں کر سکیں۔ لوگ وانگمئی کے بیان کو اس لیے بھی ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ وانگمئ بالغ ہے اور ایک قومی اخبار میں فیچررائٹر ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وہ آرٹس، لٹریچر اور یوتھ کلچر سے منسلک ایشوز پر فیچر لکھتی ہیں اور کتابوں کا مطالعہ کرنا ان کی دلچسپیوں میں شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔