اعظم گڑھ: بی جے پی امیدوار نِرہوا کو عوامی مخالفت کا سامنا، لگے ’نرہوا واپس جاو‘ کے نعرے

پہلے ہی روڈ شو میں اعظم گڑھ سے بی جے پی امیدوار نرہوا کو کئی جگہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ نرہوا کے روڈ شو کی مخالفت کر رہے لوگوں نے ’اکھلیش یادو زندہ باد‘ اور ’نرہوا تم واپس جاو‘ کے نعرے لگائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو کے خلاف اعظم گڑھ سے بی جے پی امیدوار اور بھوجپوری فلم اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا نے پیر کے روز اعظم گڑھ میں اپنا پہلا روڈ شو کیا اور اس پہلے ہی روڈ شو میں انھیں کئی جگہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ نرہوا کے روڈ شو کی مخالفت کر رہے لوگوں نے ’اکھلیش یادو زندہ باد‘ اور ’نرہوا تم واپس جاو‘ کے نعرے بھی لگائے۔

ہندی نیوز ویب سائٹ امر اجالا کی خبر کے مطابق نرہوا کا روڈ شو جب اعظم گڑھ کے پرمان پور گاوں سے ہو کر گزرا تو مقامی لوگوں نے ان کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی۔ انھیں آگے نہیں بڑھنے دیا جا رہا تھا۔ مخالفت کر رہے لوگ انھیں واپس جانے کو کہہ رہے تھے۔ بعد ازاں پولس نے مقامی لوگوں کو بھگانا شروع کیا۔ اس زبردستی سے مقامی لوگ مشتعل ہو گئے اور ’اکھلیش یادو زندہ باد‘ اور ’نرہوا تم واپس جاو‘ کے نعرے لگانے لگے۔ ناراض لوگوں نے پولس اور نرہوا کے قافلے پر پتھراو بھی کیے۔ پولس کو نرہوا کے قافلے کو باہر نکالنے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی۔

روڈ شو کے دوران بی جے پی امیدوار دنیش لال میڈیا سے بھی مخاطب ہوئے۔ انھوں نے اکھلیش یادو پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو بہت بڑے لیڈر ہیں، لیکن وہ غلط راہ پر چل رہے ہیں۔ ہم سچ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ جیت سچ کی ہی ہوتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی میں شامل ہوتے ہی انھیں حکومت کی طرف سے وائی پلس درجے کی سیکورٹی دستیاب کرائی گئی ہے۔ نرہوا نے اعظم گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کو خط لکھ کر ایس پی کارکنان سے جان کو خطرہ بتاتے ہوئے وائی پلس سیکورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Apr 2019, 9:09 AM