نیپاہ وائرس: 94 افراد گھروں میں قید، ڈاکٹر کفیل کی کیرالہ روانگی جلد

کیرالہ میں نیپاہ وائرس سے مہلوکین کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اَب ڈاکٹر کفیل نے کیرالہ جا کر متاثرین کا علاج کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے اجازت بھی دے دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کیرالہ میں نیپاہ وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے ایک طرف تو چمگادڑوں کو جال سے پکڑنے کا کام جاری ہے اور احتیاطی تدابیر لوگوں کو بتائے جا رہے ہیں اور دوسری طرف ڈاکٹرس بھی اپنی طرف سے مریضوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ایک نیوز ویب سائٹ کے مطابق نیپاہ وائرس کے خدشہ کے پیش نظر94 افراد کو ان کے گھروں میں قید کر دیا گیا ہے جب کہ 9 دیگر افراد کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔

نیپاہ وائرس: 94 افراد گھروں میں قید، ڈاکٹر کفیل کی کیرالہ روانگی جلد

اس درمیان گورکھپور کے بی آر ڈی اسپتال سے فی الحال معطل چل رہے ڈاکٹر کفیل نیپاہ وائرس سے متاثر مریضوں کا علاج کرنے کے مقصد سے بہت جلد کیرالہ روانہ ہونے والے ہیں۔ دراصل ڈاکٹر کفیل نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین سے مریضوں کے لیے تعاون کرنے کی اپیل کی تھی جسے وزیر اعلیٰ نے قبول کر لیا اور انھیں بخوشی کیرالہ آنے اور مریضوں کا علاج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پینارائی وجین نے ڈاکٹر کفیل کی تعریف اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی کی اور کہا کہ ایسے موقع پر ان کی پیش قدمی لائق ستائش ہے۔

نیپاہ وائرس: 94 افراد گھروں میں قید، ڈاکٹر کفیل کی کیرالہ روانگی جلد

پینارائی وجین نے اپنے ٹوئٹ میں واضح لفظوں میں لکھا کہ "کفیل خان نے ریاست کے نیپاہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں خدمات پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس بڑے خطرے کے درمیان کئی ڈاکٹروں نے سماج کے لیے خدمت کرنے کے لیے قدم بڑھایا ہے اور ڈاکٹر کفیل ان میں سے ایک ہیں۔" انھوں نے مزید کہا کہ "کیرالہ کی حکومت سبھی کی خدمات کا استقبال کرتی ہے۔ جو بھی ہمیں تعاون کرنا چاہتے ہیں وہ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں یا کوزیکوڈ کے سرکاری میڈیکل کالج کے سپرنڈنٹ سے مل سکتے ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔