مالیگاؤں دھماکہ: این آئی اے نے کی بند کمرے میں سماعت کرنے کی گزارش، متاثرین ناراض
مہاراشٹر واقع مالیگاؤں میں 2008 میں ہوئے بم دھماکے سے متعلق سماعت قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) بند کمرے میں کرانا چاہتی ہے، لیکن متاثرین اور میڈیا کے نمائندوں نے اس کی مخالفت کی ہے۔
ممبئی: مہاراشٹر کے گنجان مسلم آبادی والے شہر مالیگاؤں میں سال 2008 میں رونما ہونے والے بم دھماکہ معاملے کی جاری سماعت میں آج اس وقت اہم پیش رفت ہوئی جب قومی تفتیشی ایجنسی NIAنے خصوصی عدالت میں ایک عرض داشت داخل کرتے ہوئے معاملے کی سماعت بند کمرے میں یعنی کے In-Camera کیے جانے کی گذارش کی۔
این آئی اے نے اپنی عرضداشت میں کہا کہ گواہوں کے تحفظ کے مد نظر وہ عدالت سے گزارش کرتے ہیں کہ معاملے کی سماعت کے دوران میڈیا اور دیگر افراد کو عدالت سے باہر رکھا جائے جن کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔عدالت نے قومی تفتیشی ایجنسی کی عرضداشت کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہو ئے ملزمین بالخصوص سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہت و دیگر کو حکم دیاکہ این آئی اے کی عرض داشت پر اپنا جواب داخل کریں تاکہ اس پر سماعت کی جاسکے۔
اسی درمیان بم دھماکہ متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وکیل شاہد ندیم نے بم دھماکہ متاثرین کی جا نب سے عدالت میں ایک عرضداشت داخل کرتے ہوئے عدالت سے این آئی اے کی عرضداشت کو مسترد کیے جانے کی گزارش کی ہے۔
ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج ونود پڈالکر کو بتایا کہ انہیں ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پتہ چلا کہ قومی تفتیشی ایجنسی نے اس معاملے کی سماعت بند کمرے میں کیے جانے کی عدالت سے گزارش کی ہے جس کی وہ مخالفت کرتے ہیں کیونکہ میڈیا ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعہ بم دھماکہ متاثر ین اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام مقدمہ کے تعلق سے جانکاری حاصل کرپاتے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو مزیدکہا کہ یہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ اس اہم معاملے کی سماعت جس پر پوری دنیا کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں اوپن کورٹ میں ہونا چاہیے۔متاثرین کی جانب سے این آئی اے کے اقدام کی مخالفت کرنے والی عرضداشت کو عدالت نے سماعت کے لیے قبول کرلیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آج خصوصی این آئی اے عدالت میں این آئی اے کی جانب سے داخل کردہ متذکرہ عرضداشت کی مخالفت میں نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کے گیارہ نمائندوں نے ایک عرضداشت داخل کی اور این آئی اے کی بند کمرے میں سماعت کیے جانے کی مخالفت کی، میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے سینئرایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے میڈیا نمائندوں کی عرضداشت کو بھی سماعت کے لیے قبول کرلیا۔
خصوصی جج ونوڈ پڈالکر نے این آئی اے، ملزمین، متاثرین اور میڈیا کے نمائندوں کی عرضداشتوں کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے اپنی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کردی، امید ہے کہ کل عدالت اس اہم عرضداشت پر سماعت کیے جانے کے لیے وقت متعین کریگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Aug 2019, 9:10 PM