مہاراشٹر حکومت نے فوج کو لکھا خط َ؟
مہاراشٹر حکومت نے ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کو کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے لیکن ان ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ سے صرف عوام کو پارسل سروسیز دستیاب رہیں گی۔
کرونا وائرس بیماری کے پیش نظر انڈیا لاک ڈاون کے دوران ممبئی اور مہاراشٹر میں خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے فوج طلب کرنے کے دیئے جانے والے بیان کے بعد آج یہاں مہاراشٹر کے نائب وزیر و وزیر مالیات اجیت پوار نے تصدیق کی ہے کہ حکومت مہاراشٹر نے فوج کو خط روانہ کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس سے طبی امداد مہیا کرانے کی درخواست کی ہے ،،
نائب وزیر اعلی دفتر سے وابستہ محکمہ اطلاعات کے افسر ساگر کامبلے نے سوشل میڈیا اور ٹی وی پر نشر کی جانے والی ان خبروں کے تعلق سے لاعلمی کا اظہار کیا جس میں یہ بتلایا گیا ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے فوج کو طلب کر لیا ہے اور چھ گھنٹوں کے اندر فوج پورے مہاراشٹر کو اپنے ماتحت میں لے کر لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ربر کی گولیاں استعمال کرے گی ۔
نائب وزیر اعلی نے آج اپنے بیان میں فوج کو طلب کیئے جانے اور ربر کی گولیوں کاستعمال کیئے جانے کے تعلق سے کوئی ذکر ہی نہیں کیا ہے البتہ اجیت پوار نے یہ کہا کہ حکومت نے ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کو کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے لیکن ان ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ سے صرف عوام کو پارسل سروسیز دستیاب رہیں گی ،
نائب وزیر اعلی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہوٹل کے کچن سے یہ خدمات حاصل ہوں گی اور ہوٹل کا ڈلیوری بوائے کو یہ اجازت ہو گی کہ وہ گاہکوں کے گھر کے دروازے تک مکمل احتیاط کے ساتھ جا کر پارسل کی ڈلیوری کرے ۔
اسی درمیان نائب وزیر نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں مٹن ، چکن کی دوکانیں کھلی رہیں گی اور بھاجی ترکاری کی گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی مشکلات نہیں آئے گی اور اس کیلئے حکومت نے موثر اقدامات کیئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ کل اجیت پوار نے خوفناک کرونا وائرس بیماری کے پیش نظر مہاراشٹر سمیت ملک بھر میں لاک ڈاون کے باوجود عروس البلاد ممبئی اور ریاست کے مختلف اضلاع میں عوام کی ایک اچھی خاصی تعداد کو سڑکوں پر گھومنے اور مجمع لگانے کو دیکھ کر حکومت مہاراشٹر کو فوج کے حوالے کرنے کا جلد ہی فیصلہ لیئے جانے کا اشارہ دیا تھا -
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں لاک ڈاون کے درمیان مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف امیریکی حکومت نے بھی امریکی فوجیوں کا سہارا لیا تھا - انہوں نے کہا کہ ممبئی سمیت مہاراشٹرکی عوام حکومت کو مجبور نہ کرے کہ وہ مہاراشٹر کو فوج کے حوالے کر دے -
نائب وزیر اعلی کا یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا تھاجب سوشل میڈیا پر ایک دودھ کی گاڑی کو لوٹتے اور وسئی نامی علاقہ میں ایک پولیس سپاہی کو موٹر سائیکل چلانے والے نوجوان کی جانب سے زدوکوب کرتے ہوئے دکھائے جانے والے ویڈیووائرل ہوا -
معلوم ہو کہ نائب وزیر اعلی نے اس ضمن میں اپنے کابینی وزرأ اور اعلی افسران سے گفتگو کی اور کہا کہ لاک ڈاون اور کرفیو کے باوجود بھی عوام بڑے دھڑلے کے ساتھ روڈ پر گھوم رہی ہے اور ڈاکٹروں پر حملہ کیا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے اسی غرض سے اگر اس پر کنٹرول نہیں ہوا تو مہاراشٹر کو فوج کے حوالے کیا جا سکتا ہے-
ایک روز قبل انہوں نے کہا تھاکہ کرونا وائرس کے خلاف لڑی جانے والی اس جنگ میں جو کوئی رخنہ اندازی کرے گا اس کے ساتھ سختی کے ساتھ کارروائی کی جائے گی اور سخت سزا دی جائے گی -
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔