اہم خبر: مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لئے بی جے پی کا انکار، گورنر نے شیو سینا کو دیا موقع

یو این آئی
یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

10 Nov 2019, 9:11 PM

مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لئے بی جے پی کا انکار، گورنر نے شیو سینا کو دیا موقع

ممبئی: مہاراشٹر میں حکومت سازی کا بحران اُس وقت مزید دلچسپ ہو گیا جب حکومت سازی کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے انکار کر دیا، اسمبلی الیکشن کے نتائج کے بعد ریاست میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری بھارتیہ جنتا پارٹی کے انکار کے بعد سیاسی حلقوں میں سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شیوسینا کے لئے حکومت سازی کا میدان بی جے پی خالی چھوڑ دیا ہے، بی جے پی کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل نے کہا کہ ہم نے اخیر تک کوشش کی کہ اقتدار سازی کے لئے شیوسینا کا ساتھ لیا جائے لیکن ایسا نہیں ہو سکا، شیوسینا کے اڑیل رویہ کی وجہ سے ایسا ہوا ہے، شیو سینا چاہے تو حکومت بنا لے ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہے۔

اس دوران این سی پی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ شیو سینا نے حکومت بنانے کے لئے ہمیں مدد کے لئے کوئی تجویز نہیں دی اور اس تعلق سے حتمی فیصلہ پارٹی سربراہ شرد پوار کریں گے، دوسری جانب کانگریس لیڈر ملند دیورا نے ٹوئٹر کے ذریعے گورنر سے درخواست کی ہے کہ بی جے پی اقتدار بنانے میں ناکام ہے اس لئے کانگریس اور این سی پی کو حکومت بنانے کی دعوت دی جائے۔

وہیں مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے دوسری سب سے بڑی پارٹی شیوسینا کے نو منتخب اراکین کے لیڈر ایکناتھ شندے سے ان کی پارٹی کو حکومت بنانے اور اکثریت ثابت کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لئے پوچھا۔

10 Nov 2019, 8:28 PM

گورنر نے مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کے لئے شیوسینا کو دی دعوت

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے دوسری سب سے بڑی پارٹی شیوسینا کے نو منتخب اراکین کے لیڈر ایکناتھ شندے سے ان کی پارٹی کو حکومت بنانے اور اکثریت ثابت کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لئے پوچھا۔

10 Nov 2019, 7:57 PM

ہم نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے… اشوک چوان

مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر کانگریس لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلی اشوک چوان نے کہا کہ ’’ہم حالیہ واقعات پر مسلسل نظر رکھ رہے ہیں، اس وقت ہم آپس میں سبھی متبادل پر بات چیت کر رہے ہیں اور ہم نے ابھی کچھ فیصلہ نہیں کیا ہے‘‘۔


10 Nov 2019, 6:43 PM

مہاراشٹر میں حکومت نہیں بنائے گی بی جے پی

بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر میں حکومت نہیں بنا رہے ہیں، مہاراشٹر بی جے پی صدر چندركانت پاٹل نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملنے کے بعد کہا کہ ہم ریاست میں حکومت نہیں بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ ’’یہ مینڈیٹ ایک ساتھ کام کرنے کے لئے دیا گیا تھا، اگر شیوسینا اس مینڈیٹ کی توہین کرنا چاہتی ہے اور کانگریس این سی پی کے ساتھ حکومت بنانا چاہتی ہے تو ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

10 Nov 2019, 6:11 PM

ممبئی میں بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ دوبارہ شروع،حکومت کی تشکیل پر غور جاری

ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کور کمیٹی کی میٹنگ سہ پہر چاربجے دوبارہ شروع ہوچکی ہے،جس میں نئی حکومت کی تشکیل پر غور کیا جائے گا ، کیونکہ گورنر نے دیویندر فڑنویس کو بی جے پی کے قائدکی حیثیت سے حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ،اس درمیان شیوسینالیڈراورسربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ فی الحال بی جے پی کے ساتھ ساتھ اتحاد برقرار ہے اور ہماری کوشش ہے کہ شو سینا کا وزیراعلی اقتدارکی باگ ڈور سنبھال لے۔جبکہ شیوسینا ترجمان سنجے راوت نے بی جے پی کو گورنر کے دعوت نامے کے بعد کہاہے کہ وہ بڑی پارٹی ہونے کے نتیجے میں حکومت تشکیل دے سکتی ہے۔لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بی جے پی اس فیصلہ کو ہائی کمان کو سونپ دے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب سابقہ اسمبلی۔کی مدت ختم ہونے سے محض چار گھنٹے قبل حکومت تشکیل دینے کی دعوت گورنر نے دی تھی۔شیوسینا ناراض گی کے سبب حکومت تشکیل کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔جوکہ ففٹی ففٹی فارمولہ اور وزیراعلی کے عہدہ کی خواہش مند ہے اور بی جے پی انکار کررہی ہے۔اور پندرہ دن کا عرصہ گزر چکا ہے۔


10 Nov 2019, 5:01 PM

اجیت ڈووال کی رہائش گاہ پر مذہبی رہنماؤں کی میٹنگ

نئی دہلی: ایودھیا میں بابری مسجد ۔ رام مندر تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے ایک دن بعد آج قومی سلامتی کےمشیر اجیت ڈووال کی رہائش گاہ پر مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی ایک میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں بابا رام دیو، سوامی پرماتمانند، شیعہ مذہبی رہنما مولانا کلب جواد اور سوامی چدانند سرسوتی سمیت کئی مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور سماج میں رواداری اور بھائی چارہ پر زوردیا۔ واضح رہے کہ ایودھیا تنازعہ کے فیصلہ کےمدنظر مذہبی تنظیموں ،سیاسی پارٹیوں اور حکومت کی طرف سے لوگوں سے گزشتہ کئی دنوں سے ملک میں امن قائم رکھنے کی اپیل کی جارہی ہے ۔فیصلہ کے بعد اس کا اثر بھی دیکھنے کوملا کیونکہ سبھی فریقوں اور سماجی طبقوں نے سپریم کورٹ کےفیصلہ کا عام طورپر خیرمقدم کیاہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔