دہلی: ایمیزون کے نام پر ٹھگی کرنے والے فرضی کال سنٹر کا پردہ فاش، 82 افراد گرفتار

دہلی پولیس نے ایک فرضی بین الاقوامی کال سینٹر کا پردہ فاش کرتے ہوئے 82 افراد کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے

ایمیزون / آئی اے این ایس
ایمیزون / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پولیس نے ایک فرضی بین الاقوامی کال سینٹر کا پردہ فاش کرتے ہوئے 82 افراد کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ضلع شاہدرہ میں ایک پولیس آفیسر نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ فرضی بین الاقوامی کال سنٹر بنا کر لوگوں کو دھوکہ دینے والے گروہ کے 82 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس فرضی کال سینٹر کو منو تنور نامی شخص کے نام پر چلایا جا رہا تھا جو فی الحال قتل کے ایک معاملہ میں گڑگاؤں کی جیل میں قید ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فرضی کال سینٹر دہلی کے شاہدرہ علاقہ سے چلایا جا رہا تھا۔ ملزمان یہاں بیٹھ کر فاصلاتی بین الاقوامی کال کے ذریعے امریکی شہریوں کو ٹھگی کا شکار بناتے تھے۔

یہ لوگ ایمیزون سے متعلق مسائل حل کرنے کے نام پر امریکی شہریوں کو دھوکہ دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس سے 64 لاکھ روپے نقد، 93 لیپ ٹاپ، 2 ایس یو وی اور 4 کمپیوٹر قبضے میں لئے گئے ہیں۔


فرضی کال سینٹر میں بیٹھے لوگ کال کر کے دعوی کرتے تھے کہ ان کا تعلق ایمیزون سے ہے اور وہ ٹیکنیکل سپورٹ کے لئے کام کرتے ہیں۔ یہ لوگوں کو ایمیزون کے گفٹ واؤچر، گفٹ کارڈ وغیرہ فراہم کرنے کا لالچ دے کر ان کی ذاتی معلومات حاصل کر لیتے تھے۔ اس کے ٹھگی کا شکار ہونے والے شخص کے کھاتے سے پیسے ٹرانسفر کرا لئے جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق اس فرضی کال سینٹر کو منو تنور نامی شخص کے نام پر چلایا جا رہا تھا جو فی الحال قتل کے ایک معاملہ میں گڑگاؤں کی جیل میں قید ہے۔ کال سینٹر کو جگت پوری میں چلایا جا رہا تھا اور اس کے آفس میں بڑی تعداد میں نوجوان کام کرتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jun 2021, 1:11 PM