نیٹ پی جی کونسلنگ 12 جنوری سے شروع، ’کورونا کے خلاف جنگ میں طاقت ملے گی‘ وزیر صحت کا بیان
وزیر صحت نے ٹوئٹ کیا ’’ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو وزارت صحت کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانی اور سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایم سی سی کی طرف سے نیٹ پی جی کونسلنگ 12جنوری2022 سے شروع کی جا رہی ہے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ کے ذریعے فیصلہ سنائے جانے کے بعد مرکزی حکومت نے نیٹ پی جی کونسلنگ شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ پی جی کونسلنگ بدھ یعنی کہ 12 جنوری سے شروع ہوگی۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے اتوار کے روز یہ اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا بحران: پارلیمنٹ کے 400 ملازمین متاثر پائے گئے
وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے نیٹ پی جی کونسلنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو کورونا کے خلاف جنگ میں مزید طاقت ملے گی۔ وزیر صحت نے ٹوئٹ کیا ’’ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو وزارت صحت کی جانب سے کی گئی یقین دہانی اور عزت مآب سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایم سی سی کی طرف سے نیٹ پی جی کونسلنگ 12 جنوری 2022 سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس سے ملک کو کورونا کے خلاف جنگ میں مزید طاقت ملے گی۔ تمام امیدواروں کے لیے میری نیک خواہشات۔‘‘
خیال رہے کہ نیٹ پی جی کونسلنگ میں تاخیر کے خلاف دہلی میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے کافی دنوں تک احتجاج کیا تھا اور تمام طبی خدمات ترک کر دی تھیں۔ اس دوران پولیس اور ڈاکٹروں کے درمیان شدید جھڑپ بھی ہوئی تھی۔ مرکزی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : بس صبر کا دامن پکڑے رہیے ... ظفر آغا
خیال رہے کہ نیٹ پی جی کے 100 سے زیادہ نجی اور سرکاری کالجوں میں داخلے کے لیے میڈیکل کے طلبا کے لیے ایک کوالیفائنگ امتحان لیا جاتا ہے۔ اس امتحان میں کامیاب طلبا کے نمبروں کی بنیاد پر انہیں رینک دی جاتی ہے۔ اس کے بعد کونسلنگ کا عمل شروع ہوتا ہے۔ کونسلنگ گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونی تھی لیکن او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) اور ای ڈبلیو ایس (اقتصادی طور پر کمزور) امیدواروں کے لیے سیٹوں کے ریزرویشن کا اعلان کرنے والے حکومتی نوٹیفکیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد اس میں تاخیر ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔