حکومت کی اتحادی جماعت این پی پی نےسی اے اے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا

لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اب این پی پی نے کہا ہے کہ شمال مشرق کے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے سی اے اے کو ختم کیا جائے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

میگھالیہ کی نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) نے کل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے اتحادیوں کی میٹنگ میں پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے پہلے شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

این پی پی سے لوک سبھا رکن اگاتھا سنگما نے میٹنگ میں یہ مسئلہ اٹھایا

محترمہ سنگما نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ "حکومت نے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت سے متعلق قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، میں نے ان سے شمال مشرق کے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے سی اے اے کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔"


ذرائع نے بتایا کہ اپنا دل کی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل نے میٹنگ میں ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا۔ اجلاس میں حکومت کے اتحادیوں نے پارلیمنٹ کے کام کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

میٹنگ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے بتایا کہ حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کسی بھی موضوع پر بحث و مباحثہ کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن سے بحث کی اپیل کی ہے اور ہم حکومت کی جانب سے ہر معاملے پر بحث کر کے آپ کو جواب دینا چاہتے ہیں۔


اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پارلیمانی ایگزیکٹو پارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اجلاس کے دوران موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مسائل پر بشمول زرعی قوانین اور پیگاسس جاسوسی تنازعہ جیسے مسائل پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے بلوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔