این ڈی تیواری کے بیٹے روہت کی مشتبہ حالت میں موت، ناک سے نکل رہا تھا خُون
روہت شیکھر تیواری کو جب میکس اسپتال لایا گیا تھا تو وہ بالکل بیہوشی کے عالم میں تھے اور ڈاکٹروں نے انھیں دیکھ کر مردہ قرار دے دیا۔
اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این ڈی تیواری کے بیٹے روہت شیکھر تیواری کی موت 16 اپریل کو مشتبہ حالت میں ہوگئی۔ اس سلسلے میں ڈی سی پی (جنوبی دہلی) وجے کمار نے بتایا کہ آنجہانی این ڈی تیواری کے بیٹے روہت شیکھر تیواری کو جب ساکیت واقع میکس اسپتال میں لایا گیا تو وہ مر چکے تھے۔ موت کے اسباب کا ہنوز کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
ذرائع کے مطابق میکس اسپتال میں انھیں جب لایا گیا تھا تو وہ بالکل بیہوشی کے عالم میں تھے اور ڈاکٹروں نے انھیں دیکھ کر مردہ قرار دے دیا۔ دہلی پولس کا کہنا ہے کہ تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر اسپتال سے انھیں شیکھر تیواری کی موت کی جانکاری ملی۔ شیکھر کی ماں انھیں اسپتال لے کر پہنچی تھیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جس وقت شیکھر کو اسپتال میں لایا گیا تھا، ان کی ناک سے خون نکل رہا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ شیکھر تیواری کے گھر کے ملازم نے جب دیکھا کہ وہ اٹھ نہیں رہے تو ان کی ماں کو جانکاری دی۔ ان کی ناک سے خون آ رہا تھا اس لیے گھر پہنچتے ہی شیکھر کی ماں نے ایمبولنس بلایا اور لے کر اسپتال پہنچ گئی۔ میڈیکل کارروائی کے بعد دہلی پولس کو جانکاری ملی۔ ابھی موت کی وجہ صاف نہیں ہو سکی ہے۔ پولس اب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کا انتظار کر رہی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی صاف ہو سکے گا کہ روہت کی موت نارمل موت ہے یا کسی سازش کا نتیجہ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Apr 2019, 10:09 AM