این سی پی لیڈر بابا صدیقی کا قتل، برسرعام سینے اور پیٹ میں ماری گئی گولیاں، 2 ملزمین گرفتار

بری طرح زخمی حالت میں بابا صدیقی کو ممبئی واقع لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی، اس معاملے میں پولیس نے ’سپاری کلنگ‘ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بابا صدیقی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BabaSiddique">@BabaSiddique</a></p></div>

بابا صدیقی، تصویر@BabaSiddique

user

قومی آواز بیورو

سیاسی اور فلمی ہستیوں کے درمیان مقبول این سی پی لیڈر بابا صدیقی کا آج شب کچھ شر پسند عناصر نے گولی مار کر  قتل کر دیا۔ 12 اکتوبر کی شب ممبئی کے باندرہ ایسٹ علاقہ میں ان پر برسرعام کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی جو ان کے پیٹ اور سینے میں لگی۔ انھیں سنگین حالت میں فوراً لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، لیکن علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ اس خبر نے سیاسی حلقہ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ حلقہ میں بھی غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ ایک طرف جہاں سیاسی ہستیوں کے ذریعہ تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، وہیں دوسری طرف خبر سامنے آ رہی ہے کہ سلمان خان نے ’بگ باس‘ کی شوٹنگ کینسل کر لیلاوتی اسپتال کا رخ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا صدیقی کو سینے اور پیٹ میں دو سے تین گولیاں لگی ہیں۔ وہ اپنے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر گئے ہوئے تھے جب ان پر اچانک کئی گولیاں چلائی گئیں۔ اس معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔ ممبئی پولیس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ ’سپاری کلنگ‘ کا معاملہ ہو سکتا ہے۔


اس قتل معاملہ میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ایک ابھی فرار ہے۔ شندے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی نظام قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔ ممبئی پولیس کو سخت سے سخت کارروائی کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس کے بھی لیلاوتی اسپتال پہنچنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ این سی پی چیف اجیت پوار ابھی ممبئی سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بابا صدیقی باندرہ مغرب سے تی مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور مہاراشٹر میں وہ وزیر بھی رہے۔ وہ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ممبئی ڈویژن کے چیف بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے سیاست کی شروعات ایک طلبا لیڈر کی شکل میں کی تھی۔ پہلی بار بی ایم سی میں کارپوریٹر منتخب ہوئے تھے۔ 1999، 2004 اور 2009 میں باندرہ ویسٹ سے اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014 اسمبلی انتخاب میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


بابا صدیقی کی سیاسی زمین بادرہ ہی رہی ہے۔ بیشتر فلمی ہستیاں باندرہ میں ہی رہتی ہیں، اس لیے ان کی مشہور و معروف فلمی ہستیوں سے دوستی رہی ہے۔ ان کی پارٹیوں میں بالی ووڈ ہستیوں کی آمد ہمیشہ سے مشہور رہی ہے۔ پہلی مرتبہ وہ سنیل دَت کے رابطہ میں آئے تھے۔ اس کے بعد سنجے دَت کے وہ بے حد قریب ہو گئے۔ سنجے کے ذریعہ ہی ان کی سلمان خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس کے بعد بابا صدیقی کی شہرت یافتہ افطار پارٹیوں میں فلمی ستاروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ سلمان اور شاہ رخ کے درمیان دشمنی ختم کرانے میں بھی ان کا بہت بڑا تعاون رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔