وزیر اعظم عہدے کے تقاضوں کا پاس رکھیں: شرد پوار
این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کے سربراہ شرد پوار نے وزیر اعظم پر جم کر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے عہدے کے تقاضوں کا پاس رکھ کر بیانات دینے چاہئیں۔
ممبئی۔ پونے کے بی ایم سی گراؤنڈ میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار اور ایم این ایس (مہاراشٹر نو نرمان سینا) کے چیف راج ٹھاکرے صحافی کے کردار میں نظر آئے اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے عہدے کے تقاضوں کا پاس رکھ کر بیانات دینے چاہئیں۔
شرد پوار نے وزیر اعظم کی طرف سے نہرو-گاندھی خاندان پر دئیےگئے بیان پر سخت اعتراض ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ نہرو نے ملک کی تعمیر میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’میں نے نہرو اور گاندھی کے نظریہ کو کبھی نہیں چھوڑا، ہاں میں نے پارٹی ضرور چھوڑی ہے۔‘‘
انہوں نے اٹل بہاری واجپئی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شخص تھے جو سبھی کا احترام کرتے تھے۔ حالانکہ یہ کہتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام نہیں لیا ، لیکن جب ٹھاکرے نے صاف الفاظ میں وزیر اعظم کا نام لیا تو پوار اس بات پر مسکرا دئیے۔
راج ٹھاکرے نے جب شرد پوار سے پوچھا کہ وزیر اعظم مودی بیرونی ممالک کے رہنماؤں کو ملک کے دیگر شہروں میں نہ لے جاکر صرف احمد آباد لے جاتے ہیں، تو انہوں نے کہا ’’وزیر اعظم مودی نے صرف گجرات کی ترقی کی ہے۔ اگر کوئی مہمان بیرون ملک سے آتا ہے تو دو چیزیں ضرور ہوتی ہیں۔ پہلی وزیر اعظم کا گلے لگنا اور دوسری گجرات کا دورہ کرانا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزراء اپنے فیصلے نہیں لے پاتے ہیں انہیں وزیر اعظم کی ہاں یا ناں کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس برے دور سے گزر رہی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ بی جے پی کو ٹکر دینے کی ہمت اس ملک میں کانگریس ہی کے پاس ہے۔ راہل گاندھی کے ہاتھوں میں کمان دینا ایک سہی فیصلہ ہے اور وہ سخت مشقت بھی کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Feb 2018, 1:30 PM