محکمہ انکم ٹیکس کا نوٹس موصول ہونے پر این سی پی سربراہ شرد پوار کا طنز ’لو لیٹر ملا ہے‘
این سی پی کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے کہا ’’مجھے 2004، 2009، 2014 اور 2020 میں دائر کئے گئے انتخابی حلف ناموں کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے کے لئے ایک لو لیٹر ملا ہے‘‘
ممبئی: مہاراشٹر میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار کو محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے۔ جب 30 جون کو مہاراشٹر میں اقتدار کی تبدیلی ہو رہی تھی، اسی وقت این سی پی سربراہ کو انکم ٹیکس کا نوٹس موصول ہوا۔ اس سے ناراض ہو کر این سی پی کے ترجمان مہیش تاپسے نے ٹوئٹ کیا اور پوچھا کہ یہ اتفاق ہے یا کچھ اور؟
وہیں، نوٹس ملنے کے بعد خود شرد پوار نے بھی ٹوئٹ کر کے کہا کہ ایجنسیوں کا استعمال سیاسی طور پر مختلف خیالات کے حامل لوگوں کے خلاف کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بھی انکم ٹیکس کی جانب سے اسی طرح کا ’لو لیٹر‘ ملا ہے۔ وہ 2004 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران حلف نامہ میں موجود معلومات کی اب جانچ کر رہے ہیں۔ این سی پی کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے شرد پوار سے 2004 سے 2020 تک کے انتخابی حلف ناموں کے بارے میں معلومات طلب کی ہے۔
این سی پی لیڈر نے ٹوئٹ کیا، "مجھے 2004، 2009، 2014 اور 2020 میں داخل کیے گئے انتخابی حلف ناموں سے متعلق معلومات فراہم کے لیے انکم ٹیکس سے ایک لو لیٹر موصول ہوا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ معلومات دینے کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے۔ ایک دوسرے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا، "محکمہ انکم ٹیکس کی کارکردگی میں قابلیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اتنے سالوں سے چند لوگوں سے معلومات اکٹھا کرنے اور ان سے معلومات اکٹھی کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ایک اسٹریٹجک تبدیلی محسوس ہوتی ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ کل شیوسینا کے باغی رکن اسمبلی ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ وہیں اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کے باوجود بی جے پی لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔