حزب اختلاف کو متحد کرنے کی مہم جاری، اب شرد پوار اترے میدان میں
چندرابابو نائیڈو کے علاوہ شرد پوار حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماﺅں کے رابطے میں ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ایسی پارٹیوں کے سربراہوں کے رابطے میں رہیں جن کے این ڈی اے میں جانے کے قوی امکان ہیں۔
ممبئی: لوک سبھا کے انتخابات کے نتائج کا اعلان جمعرات 23 مئی کو کیا جائے گا، لیکن 19مئی کو انتخابات کے اختتام کے بعد ایکزٹ پول کے بعد بی جے پی اور کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، نتائج سے قبل دونوں ہی بی جے پی اور اپوزیشن جماعتوں نے نتائج جاری کرنے سے پہلے حامی سیاسی پارٹیوں کو ان کے حق میں بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنے اورحزب اختلاف کو مرکز میں حکومت کی باگ ڈور دلانے کے لیے این سی پی لیڈر شردپوار بھی سرگرم ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ممبئی سے لیکر دہلی تک میں سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، بی جے پی نے منگل کو اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے رہنما کو دعوت پر بلایا، جن میں شیوسینا کے ادھوٹھاکرے اور آرپی آئی کے رام داس اٹھاولے وغیرہ بھی شامل تھے۔
این پی سی کے چیئرمین اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے علاوہ این سی پی کے صدر شرد پوار حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماﺅں کے رابطے میں ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ ایسی پارٹیوں کے سربراہوں کے رابطے میں رہیں جن کے این ڈی اے میں جانے کے قوی امکان ہیں۔ شرد پوار ایسی جماعتوں کو منانے میں لگے ہوئے ہیں جن کے رہنماء ہمیشہ ایک دوسرے کے مخالف رہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شردپوار نے وائی ایس آر کانگریس کے رہنما جگن موہن ریڈی، تلنگانہ نیشنل کمیٹی کے رہنما کندر چندر اور اوڈیشا کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائیک سے رابطہ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق، اگر حزب اختلاف کی جماعتوں کو حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو شردپوار نے اس کی حمایت کے لئے جگموہن ریڈی اور نوین پٹنائیک سے گفتگو کی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق نوین پٹنایک اور کے سی آر نے معاونت کا وعدہ بھی کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔