این سی ای آر ٹی چھٹی سے بارہویں جماعت کے سوشل سائنس کے نصاب میں کرے گی تبدیلی، کمیٹی قائم
این سی ای آر ٹی نے سوشل سائنس کے نصاب کو قومی تعلیم پالیسی کے مطابق کلاس 6 سے 12 تک کی اصلاح کے لیے مشیل ڈنینو کی صدارت میں ایک 35 رکنی کمیٹی قائم کی ہے
نئی دہلی: انڈیا کی نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے اسکولی تعلیم میں ایک اہم تبدیلی کا آغاز کیا ہے۔ نیشنل سلیبس اینڈ ٹیچنگ لرننگ میٹریل کمیٹی (این ایس ٹی سی) کے تحت مشیل ڈنینو کی سربراہی میں 35 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ یہ کمیٹی کلاس 6 سے 12 کے لیے سوشل سائنس کے نصاب کو از سر نو ترتیب دینے پر کام کرے گی۔
این سی ای آر ٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، نیشنل کریکولم فریم ورک برائے اسکول ایجوکیشن (این سی ایف ایس ای) اگست میں جاری کیا گیا تھا۔ این سی ایف-ایس سی ملک بھر میں اسکولی تعلیم کے لیے نصاب اور نصابی کتب کی تیاری کے لیے رہنما کے طور پر کام کرے گا۔
این ایس ٹی سی کے تحت کریکولم ایریا گروپس موضوع کے لحاظ سے نصاب اور ٹیچنگ لرننگ میٹریل (ٹی ایل ایم) تیار کریں گے، جس میں نصابی کتابیں بھی شامل ہوں گی۔
اس کے تحت سماجی علوم (تاریخ، جغرافیہ، سیاسیات، سماجیات اور نفسیات) کے لیے ایک نصابی ایریا گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ گروپ، اکنامکس گروپ کے ساتھ مل کر، چھٹی سے بارہویں جماعت کے لیے سماجی سائنس کا نصاب اور اساتذہ کا تدریسی مواد تیار کرے گا۔ یہ گروپ ابتدائی طور پر تین زبانوں ہندی، انگریزی اور اردو میں اساتذہ کا تدریسی مواد تیار کرے گا۔ اس کا بعد میں دوسری زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔
این سی ای آر ٹی نے اس گروپ کو مختلف کاموں کے لیے ایک آخری تاریخ بھی دی ہے۔ اس کے مطابق کتابوں کا پہلا مسودہ، اساتذہ کا تدریسی مواد، ورک بک وغیرہ اگلے سال 20 جنوری تک تیار ہو جانا چاہیے۔ اسی طرح فائنل ڈرافٹ کے لیے 10 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اساتذہ کے لیے ’ہینڈ بک‘ 25 فروری تک تیار کرنا ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔