ڈرگس کیس: پریس کانفرنس میں این سی بی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے سسٹم کو کلین کرنے پر دیا زور، وانکھیڈے سے پوچھ تاچھ ممکن
این سی بی کی وجلنس ٹیم نے جمعہ کو پریس کانفرنس کر کے کروز ڈرگس کیس میں ہوئی جانچ کی جانکاری دی، اس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گیانیشور سنگھ نے کہا کہ ’’ہمیں سسٹم کلین کرنا ہے۔‘‘
کروز ڈرگس کیس میں کروڑوں روپے کی رشوت خوری کے الزام کے بعد سے ہی اس کیس میں این سی بی کی وجلنس ٹیم بھی اپنے حساب سے جانچ میں مصروف ہے۔ جانکاری کے مطابق این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گیانیشور سنگھ کی قیادت میں جانچ کر رہی 7 رکنی ٹیم جلد این سی بی ہیڈکوارٹر کو ایک تفصیلی رپورٹ سونپے گی۔ آپ کو بتا دیں کہ اس معاملے میں این سی بی افسران پر بھی کئی سنگین الزامات لگے ہیں، جس کی جانچ جاری ہے۔
این سی بی کی وجلنس ٹیم نے آج ایک پریس کانفرنس کر اس معاملے میں ہوئی جانچ کی جانکاری دی ہے۔ اس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گیانیشور سنگھ نے کہا کہ ہمیں سسٹم کلین کرنا ہے۔ ہم سے بھی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر ہم سے غلطی ہوئی ہے تو اسے درست کریں گے۔ کوئی ڈپارٹمنٹ فل پروف نہیں ہوتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سمیر وانکھیڈے کو بھی پوچھ تاچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔ ایفی ڈیوٹ میں گواہ کے نام کے علاوہ این سی بی افسران بھی رڈار پر ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یوپی کے عوام بی جے پی کی ہار کا جلوس نکالیں گے: اکھلیش یادو
غور طلب ہے کہ رشوت خوری کا الزام لگانے والے پربھاکر سائل نے الزام عائد کیا تھا کہ این سی بی دفتر میں اس نے کرن گوساوی کو شاہ رخ کے اسٹاف سے 25 کروڑ کی ڈیل کرتے ہوئے سنا تھا۔ یہ ڈیل 18 کروڑ میں فائنل ہوئی تھی۔ اس کے بعد شاہ رخ کے اسٹاف کی جانب سے 50 لاکھ روپے بھیجے بھی گئے تھے۔ حالانکہ وہ ڈیل فائنل نہیں ہو سکی۔ پربھاکر نے اس ڈیل میں سیم ڈیسوزا کو بھی اہم کردار کہا تھا۔ حالانکہ این سی بی کی وجلنس ونگ نے آرین خان، شاہ رخ کی منیجر پوجا ڈڈلانی اور اس کیس کے سب سے متنازعہ چہرے کرن گوساوی سے پوچھ تاچھ نہیں کی ہے۔
ڈی ڈی جی نے بتایا کہ ابھی تک اس معاملے میں کئی اہم گواہ شامل ہونے ہیں۔ اس کے بعد ہی کسی نتیجہ پر پہنچیں گے۔ معاملے میں ملزم گوساوی سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ پیر کو اس کی عدالت میں سماعت ہے۔ اس کے علاوہ پربھاکر سے بھی دو دن تک پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ ابھی ڈاٹا، ریکارڈ اور گواہ کا اینالیسس ہو رہا ہے۔ شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ڈڈلانی سے اب تک پوچھ تاچھ نہیں کی گئی ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ان سے بھی پوچھ تاچھ کریں گے۔ انھوں نے آگے بتایا کہ ملزمین کے بینک اکاؤنٹس بھی کھنگالے جائیں گے۔ اب تک 15 لوگوں کے بیان درج کیے گئے ہیں۔ وہیں ٹیم سیم ڈیسوزا کے بھی رابطے میں ہے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کی مانیں تو وجلنس ٹیم کی رڈار پر جن لوگوں کے نام ہیں ان میں سمیر وانکھیڈے، کرن گوساوی، پربھاکر سائل، پوجا ڈڈلانی، سیم ڈیسوزا، سنیل پاٹل، منیش بھانوشالی، موہت کمبوج، وجے پگارے، کاشف خان، رنجیت سنگھ بندرا، میور گُلے، اسلم شیخ شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔