چھتیس گڑھ: نکسلیوں نے نیم فوجی دستوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا، سی آر پی ایف کے دو جوان شہید

نکسلیوں نے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو آئی ای ڈی سے دھماکہ کا اس وقت نشانہ بنایا جب وہ سکما ضلع کے سلگیر میں نقل و حرکت کر رہے تھے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

رائے پور: چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں نکسلیوں کی طرف سے آئی ای ڈی دھماکہ انجام دینے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سلگیر علاقے میں فوجیوں کی نقل و حرکت کے درمیان نکسلیوں کی طرف سے دھماکہ کیا گیا۔ پورٹل اے بی پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فوجیوں کے ٹرک پر کئے گئے اس حملہ میں سی آر پی ایف کے دو جوان شہید ہوئے ہیں جبکہ کئی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سکما کے ایس پی کرن چوہان نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

ایس پی کرن چوہان نے بتایا کہ جاگرگنڈہ علاقہ کے تحت کیمپ سلگیر سے 201 کوبرا کور کی ایڈوانس پارٹی آر او پی ڈیوٹی کے دوران کیمپ ٹیکالگوڈیم جا رہی تھی۔ اس قافلے میں ٹرک اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ نکسلیوں نے کیمپ سلگیر سے ٹیکال گوڈیم جانے والے راستے میں سیکورٹی فورسز کو نقصان پہنچانے کی نیت سے ایک آئی ای ڈی نصب کیا تھا۔


چوہان نے کہا کہ آج (23 جون) سہ پہر تقریباً 3 بجے سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت کے دوران 201 کوبرا کور کا ایک ٹرک آئی ای ڈی کی زد میں آ گیا۔ جس میں ٹرک ڈرائیور اور ساتھی ڈرائیور موقع پر ہی شہید ہو گئے، باقی تمام جوان محفوظ ہیں۔ شہید فوجیوں کے نام وشنو آر اور شیلندر بتائے جاتے ہیں۔ جائے وقوعہ سے شہید جوانوں کے جسد خاکی نکالے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آج ہی پولیس، سی آر پی ایف اور ڈی آر جی کی ٹیم نے سکما کے جنگل میں جعلی نوٹ اور پرنٹر مشین برآمد کی ہے۔ اس کے علاوہ اسلحہ بھی ضبط کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ نکسل دیہاتیوں کو دھوکہ دے کر نقلی نوٹ بازار میں پھیلا رہے تھے۔ تلاشی آپریشن سکما کے کوراگوڈا میں کیا گیا جو کہ بہت زیادہ نکسل متاثرہ علاقہ ہے۔ چھاپے کے دوران 100، 200 اور 500 روپے کے جعلی نوٹ اور پرنٹر مشین برآمد ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔