کیا مودی سنیں گے نویا کے ’من کی بات‘؟

وزیر اعظم نریند مودی کے نام نویا کا لکھا خط
وزیر اعظم نریند مودی کے نام نویا کا لکھا خط
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: 7سالہ نویا اپنے گھر کے قریب ایک پارک کی زمین پر بلڈنگ بننے سےاتنی غم زدہ ہوئی کہ اس نے وزیر اعظم کوخط کے ذریعہ اپنے من کی بات لکھ کر اس پارک کو بچانے کی اپیل کی ۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا نریندر مودی اس بچی کے خط کو کوئی توجہ دیں گے یا پھر گزشتہ سالوں میں لکھے گئے دیگر بچوں مثلاً بنگلورو کے 8 سالہ ابھینو، دیواس (مدھیہ پردیش) کے بھویہ آوٹے اور رانچی کے طالب علم عمران کی طرح نظر انداز کر دیں گے۔ جہاں تک نویا کا سوال ہے، اُس کا خط نہ صرف سنجیدہ موضوع کی طرف اشارہ کر رہا ہے بلکہ ماحولیات کے مدنظر بھی انتہائی اہم ہے۔ نویا نے اپنے دو صفحات کے خط میں نثر اور نظم دونوں کا استعمال کیا ہے اور وزیر اعظم سے پوچھا ہے کہ ’’انکل! صرف بلڈنگ ہوں گی اور پارک نہیں ہوگا تو کوئی زندگی بھی نہیں ہوگی۔ برائے کرم ہمارے پارک کی حفاظت کیجیے۔ اگر ہم کھیلیں گے نہیں تو اولمپک میں میڈل کیسے لائیں گے؟ اور یہ پارک ہماری زندگی ہے۔‘‘

ذرائع کے مطابق نویا مغربی دہلی کے روہنی سیکٹر-8 میں رہتی ہے اور وہاں پر موجود ہنومان مندر پارک میں ڈی ڈی اے بلڈنگ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اگر بلڈنگ بن گئی تو بچوں کے کھیلنے کے لیے کوئی بھی جگہ نہیں بچے گی اور ماحولیات پر بھی اس کا برا اثر پڑے گا کیونکہ پارک کے سبھی درخت اور پودھے کاٹ دیے جائیں گے۔ دوسرے درجہ کی طالب علم نویا نے انگریزی زبان میں لکھے اس خط میں بڑی معصومیت کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’میرے گھر کے پاس ایک پارک ہے جہاں میں روز کھیلتی ہوں لیکن پچھلے ایک مہینے سے میں وہاں پر نہیں کھیل پا رہی۔ ہمیں وہاں کھیلنے سے منع کیا گیا ہے کیونکہ وہاں پر ایک کمیونٹی سنٹر کے لیے کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ ہم بہت مایوس ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نویا کے خط پر توجہ دیں گے یا نہیں یہ تو معلوم نہیں لیکن بچی کے چچا دھیرج سنگھ نے اپنی طرف سے پارک کو بچانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ دراصل وہ وکیل ہیں اور جب نویا نے اپنی پریشانی انھیں بتائی تو دھیرج سنگھ نے بھتیجی کے نام سے ہائی کورٹ میں اس پروجیکٹ کے خلاف ایک عرضی داخل کر دی۔ عرضی میں نویا نے لکھا ہے کہ ’’یہ پروجیکٹ پیسوں کا بیجا استعمال ہے کیونکہ کمیونٹی ہال پاس میں پہلے سے ہی موجود ہے۔‘‘ عرضی پر گزشتہ 9 اگست کو سماعت بھی ہوئی اور عدالت نے ڈی ڈی اے، این ڈی ایم سی اور لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کو نوٹس بھیج کر تعمیرات پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کیس کی آئندہ سماعت 18 ستمبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔