پنجاب: نوجوت سنگھ سدھو وزارت کے عہدہ سے مستعفی

کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب کابینہ سے استعفی دے دیا ہے، انہوں نے ٹوئٹر پر اپنا استعفی پوسٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب کابینہ سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنا استعفی پوسٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ استعفی پر 10 جون کی تاریخ درج ہے، یہ کانگریس صدر کا عہدہ چھوڑ چکے راہل گاندھی کو مخاطب کر کے تحریر کیا گیا ہے۔

گزشتہ کافی دنوں سے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ تنازعات کے سبب شہ سرخیوں میں رہے 55 سالہ سدھو نے ٹوئٹ میں لکھا ہے’’میں پنجاب کابینہ سے استعفی دے رہا ہوں‘‘۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا ہے ’’اپنا استعفیٰ پنجاب کے وزیر اعلی کو بھیج رہا ہوں‘‘۔ سدھو کا استعفی کابینہ میں رد و بدل کے بعد آیا ہے جس میں انہیں اہم محکمہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔


ذرائع کے مطابق سدھو نے لوک سبھا انتخابات انتخابی مہم کے دوران امریندر سنگھ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے استعفی دیا ہے۔ اس سے پہلے سدھو نے الزام لگایا تھا کہ وزیر اعلی نے ان کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کے امرتسر سیٹ سے امیدوار بننے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔


لوک سبھا انتخابات کے بعد امریندر سنگھ نے کابینہ میں رد و بدل کرکے سدھو سے ان کا پرانا محکمہ چھین لیا تھا اور انہیں توانائی اور قابل تجدید توانائی کا چارج سونپا تھا۔ سدھو سے سیاحت و ثقافت کا محکمہ بھی واپس لے لیا گیا تھا جس کے سبب سدھو خوش نہیں تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔