’نَو جیون‘ (ہندی) کا ڈیجیٹل ایڈیشن لانچ

’نَو جیون‘ ڈیجیٹل ایڈیشن لانچ کرتے ہوئے موتی لال وورا اور ساتھ میں نیشنل ہیرالڈ کے ایڈیٹر اِن چیف نیلابھ مشرا، قومی آواز کے مدیر اعلیٰ ظفر آغا اور ’نَو جیون‘ ڈیجیٹل ایڈیشن کی ٹیم
’نَو جیون‘ ڈیجیٹل ایڈیشن لانچ کرتے ہوئے موتی لال وورا اور ساتھ میں نیشنل ہیرالڈ کے ایڈیٹر اِن چیف نیلابھ مشرا، قومی آواز کے مدیر اعلیٰ ظفر آغا اور ’نَو جیون‘ ڈیجیٹل ایڈیشن کی ٹیم
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ایسو سی ایٹیڈ جرنلس لمیٹڈ (اے جے ایل) کے ذریعہ نیشنل ہیرالڈ (انگریزی) اور قومی آواز (اُردو) کے ڈیجیٹل ایڈیشن کی لانچنگ کے بعد آج ’نَو جیون‘ (ہندی) کا ڈیجیٹل ایڈیشن بھی لانچ ہو گیا۔ ’نَو جیون‘ کے ڈیجیٹل ایڈیشن کی لانچنگ اے جے ایل کے چیئرمین موتی لال وورا نے اپنے دست مبارک سے کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہیرالڈ گروپ کے ہندی نیوز پیپر کا آغاز آزادی کے فوراً بعد کیا گیا تھا۔ اس اخبار کی تاریخ بے مثال ہے۔ ’نَو جیون‘ نے آزادی کے فوراً بعد ملک کی تعمیر کے لیے ایک وسیع ذہن تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ مسٹر وورا نے مزید کہا کہ ’’اَب نَو جیون کے ڈیجیٹل ایڈیشن کی شروعات ملک میں نئی توانائی کے فروغ اور علم میں اضافہ کا ضامن بنے گا۔‘‘ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ’نَو جیون‘ اپنی صحافت سے ملک میں پھیلائی جا رہی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کامیاب کوشش کرے گا۔

اس موقع پر نیشنل ہیرالڈ گروپ کے چیف ایڈیٹر نیلابھ مشرا نے کہا کہ ’’نَو جیون‘ تاناشاہی کے خلاف جمہوریت کی حقیقی آواز بنے گا۔ آج ملک میں جس طرح نفرت کا ماحول قائم کیا جا رہا ہے انھیں دور کر ملک کو غلط فہمیوں کے جال سے نکالنے کے لیے نَوجیون ایک تحریک کی شکل میں کھڑا ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ نَو جیون اپنی اعلیٰ معیاری صحافت اور بااثر انداز سے عالمی امن کے قیام کا باعث بنے گا اور سائنسی و مدلل سوچ والے سماج کی تعمیر میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

’نَو جیون‘ کے ڈیجیٹل ایڈیشن پر جانے کے لیے آپ www.navjivanindia.com پر کلک کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔