مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف کانگریس کا ملک گیر احتجاج، پی ایم ہاؤس کے محاصرہ کا اعلان
کانگریس پارٹی کی جانب سے مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش پر جی ایس ٹی عائد کئے جانے کے خلاف پی ایم ہاؤس کے محاصرہ کے ساتھ صدارتی محل تک احتجاجی مارچ نکالنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے
نئی دہلی: مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے خورونوش پر جی ایس ٹی عائد کئے جانے کے خلاف کانگریس آج ملک گیر احتجاج کرنے جا رہی رہے۔ کانگریس نے دہلی میں واقع وزیر اعظم کے دفتر کے محاصرہ اور پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے ذریعے صبح 11 بجے صدارتی محل تک مارچ نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ راہل گاندھی کانگریس ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز راہل گاندھی نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں وزیر اعظم سے نہیں ڈرتا، میں ملک کے مفاد میں کام کرتا رہوں گا۔‘‘ راہل گاندھی صبح 9.30 بجے پارٹی کے دفتر سے پریس کانفرنس کر کے اس تحریک کا آغاز کریں گے۔
کانگریس کی جانب سے 'چلو راشٹرپتی بھون' مارچ کے تحت لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ صبح 11 بجے پارلیمنٹ سے راشٹرپتی بھون تک مارچ نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ پارٹی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم کے دفتر کا محاصرہ کیا جائے گا، تاہم پولیس نے وزیر اعظم کے دفتر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔
ادھر، قومی راجدھانی دہلی میں ریاستی کانگریس راج بھون کی طرف مارچ کرے گی، جس میں تمام ارکان اسمبلی، ایم ایل سی، سینئر لیڈر اور کانگریس کارکنان شامل ہوں گے۔
دہلی کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر تحریک چلانے جا رہی ہے۔ اس کے تحت تمام ریاستوں کی راجدھانیوں میں ریاستی نونٹس کی طرف سے گورنر ہاؤسز کا محاصرہ کیا جائے گا۔ پارٹی کے عوامی نمائندگان اس محاصرہ میں شامل ہوں گے اور اجتماعی گرفتاری دیں گے۔
دیہی سطح سے لے کر ضلع سطح تک کانگریس کے منتخب نمائندگان اپنے بلاک اور ضلع صدر دفاتر پر بھی احتجاج کریں گے اور اجتماعی گرفتاری دیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔