میہل چوکسی کی شہریت منسوخ ہوگی: اینٹی گوا کے وزیراعظم
پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ ساڑھے تیرہ ہزار کروڑ کے گھپلہ میں مطلوب مفرور ہندستانی ہیروں کے تاجر میہل چوکسی کے ایک بار تمام قانونی اختیارات ختم ہوجانے کے بعد اس کی اینٹی گوا کی شہریت منسوخ کردی جائے گی۔
سینٹ جونس: پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ ساڑھے تیرہ ہزار کروڑ کے گھپلہ میں مطلوب مفرور ہندستانی ہیروں کے تاجر میہل چوکسی کے ایک بار تمام قانونی اختیارات ختم ہوجانے کے بعد اس کی اینٹی گوا کی شہریت منسوخ کردی جائے گی۔ اینٹی گوا حکومت نے یہ اطلاع دی۔
اینٹی گوا آبزرور کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میہل چوکسی کی شہریت منسوخ کئے جانے کے بعد اس کی ہندستان کو حوالگی کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔ اینٹی گوا کے ساتھ ہندستان کا حوالگی معاہدہ نہیں ہے۔
اینٹی گوا کے وزیراعظم گیسٹن براون نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک ایسے مجرموں کو محفوظ پناہ گاہ دستیاب نہیں کرائے گا جو مالی جرائم میں شامل ہوں۔ مسٹر براون نے کہاکہ میہل چوکسی کی شہریت منسوخ کرکے اسے ہندستان کے حوالے کیا جا ئے گا۔
میہل چوکسی گزشتہ برس جنوری میں ہندستان سے فرار ہوا تھا اور چھ مہینہ بعد یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ اس نے اینٹی گوا کی شہریت حاصل کرلی ہے۔
ایک بار شہریت منسوخ ہوجانے کے بعد میہل چوکسی کو ہندستا ن لایاجاسکے گا۔ پی این بی کے ساڑھے تیرہ ہزار کروڑ روپے کے گھپلہ کا یہ معاملہ گزشتہ برس سامنے آیا تھا۔ اس کے سامنے آنے کے بعد نریندر مودی حکومت اپوزیشن کے نشانہ پر رہی تھی۔
اینٹی گوا کے وزیراعظم نے گزشتہ سنیچر کو ریڈیو کے ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ میہل چوکسی کو جب ان کے ملک کی شہریت دی گئی تھی اس وقت ہندستانی حکام نے اس کے کسی مجرمانہ ریکارڈ کی بات نہیں کہی تھی۔ میہل چوکسی کے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا تھا وہ اقتصادی جرائم میں مطلوب ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوکسی کا معاملہ عدالت میں ہے۔ اسے عدالت میں اپنا دفاع کرنے کا حق ہے۔ وہ پرامید ہے ہیں کہ جب وہ اپنے تمام قانونی اختیارات کا استعمال کرلے گا تب اسے ہندستان کے حوالے کردیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔